رمضان المبارک میں بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے گرد کاروباری اوقات میں پیرو ، ڈولفن اور ٹائیگر سکواڈ کے اہلکاروں کی پیٹرولنگ کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے سی سی پی او لاہور

منگل 7 جون 2016 20:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جون ۔2016ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے گرد کاروباری اوقات میں پیرو ، ڈولفن اور ٹائیگر سکواڈ کے اہلکاروں کی پیٹرولنگ کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے اور اہم بینکوں اور مالیاتی اداروں کے گرد سفید کپڑوں چاک و چوبند پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں تا کہ جرائم پیشہ افراد پر نظر رکھتے ہوئے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈاکوؤں ایک ایسا گروہ گزشتہ پندرہ روز سے متحرک ہے جو گوجرانوالہ ، فیصل آباد، راولپنڈی اور سرگودھا میں بینک ڈکیتی کی وارداتیں کر چکا ہے اور ہو سکتا ہے کہ یہ گروہ لاہور کی طرف بھی منہ کرے لہذا اس گروہ کو گرفتار کرنے اور بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کا ر لاتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کیے جائیں تا کہ معاشرے کے ناسوروں کے عزائم کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں کیفر کردار تک بھی پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ہر ایس ایچ او اپنے علاقے کے بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے گرد پیٹرولنگ کے نظام اور سیکورٹی ڈیوٹی کو روزانہ دن میں دومرتبہ خود چیک کریں۔ڈیوٹی چیک کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو اپنے فرائض کی بجا آوری کے حوالے سے بریفنگ بھی دیں۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج اپنے دفتر میں مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشن کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا اور ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک بھی شریک تھے ۔اُنہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے گرد ڈیوٹی کے لیے انچارج انویسٹی گیشنز بھی ایس ایچ او ز سے ہر ممکن تعاون کریں تا کہ دوران رمضان شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ کاروباری اور عام شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

سی سی پی او نے تمام ایس ایچ او ز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سحر اور افطار کے دوران سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو بریفنگ دینے کے علاوہ ایس ایچ او صاحبان سیکورٹی ڈیوٹی کی چیکنگ میں کوئی کوتاہی نہ برتیں بصورت دیگر ان کے خلاف کاروائی سے گریز نہیں کیا جا ئے گا۔اُنہوں نے کہا کہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں کی روف ٹاپ ڈیوٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس بات کوبھی مدنظر رکھا جائے کہ چھتوں پر ماہر سنائپر تعینات کیے جائیں تا کہ کسی بھی نہ خوشگوار واقعہ کی پیش بندی کی جا سکے۔

اُنہوں نے کہا کہ مساجد اور امام بارگاہوں کے گرد پارکنگ اسٹینڈ کم از کم 100فٹ کے فاصلے پر بنائیں جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پارکنگ اسٹینڈ میں کوئی بھی گاڑی یا موٹر سائیکل بغیر چیکنگ کے کھڑی نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :