صوفیائے کرام نے لاکھوں دلوں کو باطنی طہارت اور روشنی عطا کی ‘ڈاکٹر حسن محی الدین

جب تک لوگ صوفیاء سے وابستہ تھے دہشتگردی اور انتہا پسندی نام کی کوئی چیز نہ تھی ، قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی ؒ کے25 ویں یوم وصال کے موقع پر کانفرنس سے خطاب

منگل 7 جون 2016 19:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جون ۔2016ء)تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر حسن محی الدین نیقدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی ؒ کے 25 ویں یوم وصال کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوفیائے کرام نے لاکھوں دلوں کو باطنی طہارت اور روشنی عطا کی ۔

جب تک لوگ صوفیاء سے وابستہ تھے اور ان سے علمی،فکری،دینی رہنمائی لیتے رہے تب تک یہ خطہ امن اور محبت کا گہوارا تھا اور لوگ دہشتگردی اور انتہا پسندی نام کی کسی چیز سے واقف نہیں تھے ۔صوفیائے کرام کی درگاہیں ہر قسم کے مسلکی،مذہبی تعصب سے پاک تھیں۔یہ اﷲ والے صرف مخلوق خدا سے محبت کرنے کا علم اور ہنر جانتے تھے اور انکی انہیں صفات کی وجہ سے لاکھوں کروڑوں خاندان اسلام میں داخل ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی ؒ وقت کے ولی اﷲ اور نابغہ روزگار تھے ۔کانفرنس میں خرم نواز گنڈا پور،احمد نواز انجم ،جی ایم ملک،،شہزاد رسول قادری ،رانا محمد ادریس ،سید مشرف شاہ ،سید فرحت حسین شاہ ،آفتاب شیخ ،حاجی اسحق،جواد حامد،ساجد بھٹی ،علامہ غلام ربانی تیمور،راجہ ندیم اور عقیدتمندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہاکہ امت مسلمہ امن چاہتی ہے اور دہشتگردی سے نجات کی آرزو مند ہے تو صوفیائے کرام کی پاک زندگیوں اور تعلیمات کا مطالعہ کرے اور اس پر عمل کرے ۔انہوں نے کہاکہ ہر مسلمان اپنی نمازوں میں اﷲ سے یہ دعا کرتا رہے کہ اے اﷲ مجھے اس رستے پر چلا جن پر تو نے اپنا انعام کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہی اﷲ والے اﷲ کے راستے کا پتہ بتاتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری جیسی شخصیت قدوۃ الاولیاء حضرت سیدنا طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی ؒ کی علمی ،فکری،تحریکی اور انقلابی سوچ کی وارث ہے ۔سیدناطاہر علاؤالدین القادری الگیلانی ؒدنیائے ولایت کے اس آفتاب درخشاں کا نام ہے جنکے فیض سے تحریک منہاج القرآن کا آغاز ہوا اور اس عظیم مشن کو وہ کامیابی اور تحرک ملا کہ آنے والاہر لمحہ اس تحریک کی مقبولیت اور وسعت کا گواہ بنتا چلا گیا ۔

صوفیاء فرد کو معاشرے کیلئے امن کا سفیر بناتے ہیں ،انکی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے ہیں ۔ڈاکٹر طاہر القادری کا دہشتگردی کے خلاف تاریخی فتوی صوفیاء کی تعلیمات کی ترجمانی کرتاہے اور یہ فتویٰ دنیا سے انتہا پسندی ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اولیاء اﷲ کے ذکر سے ایمان ترو تازہ ہوتا ہے اور دلوں کو نیکی کرنے کی ترغیب ملتی ہے ۔