حکومتی اور اپوزیشن کی مشترکہ ٹی اوآرز کمیٹی کا اجلاس جمعہ تک کیلئے ملتوی

جمعہ کو اپوزیشن کے نکات کا جواب دینگے، ہم بے لاگ احتساب چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن کا ارادہ نہیں لگتا،خواجہ سعد رفیق۔۔ حکومت کے 4 میں سے3 ٹی اوآرز تسلیم کرلیے ہیں، آگے بڑھنا چاہتے ہیں،اعتزاز احسن۔۔حکومت کچھ آف شور کمپنیوں کو بیک ڈور راستہ دینا چاہتی ہے،شاہ محمود قریشی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 جون 2016 18:08

حکومتی اور اپوزیشن کی مشترکہ ٹی اوآرز کمیٹی کا اجلاس جمعہ تک کیلئے ..

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07جون۔2016ء) :پاناماپیپرز کی تحقیقات کیلئے حکومتی اور اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی ٹی اوآرز کمیٹی کا اجلاس شروع ہوا۔اجلاس بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہوگیا،متفقہ ٹی اوآرز کیلئے دونوں جانب سے ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے،حکومتی اور اپوزیشن کی مشترکہ ٹی اوآرز کمیٹی کا اجلاس جمعہ تک کیلئے ملتوی کردیا گیاہے۔

اجلاس کے بعدحکومتی پارلیمانی ٹی اوآر کمیٹی کے رکن خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسئلے کو جلد حل کرنا چاہتے ہیں۔جمعہ کو اپوزیشن کے نکات کا جواب دینگے۔سعد رفیق نے کہاکہ ہم بے لاگ احتساب چاہتے ہیں جبکہ اپوزیشن کا بے لاگ احتساب کا ارادہ نہیں لگتا۔ بدقسمتی سے اپوزیشن کا محور صرف ایک آدمی ہے۔کمیشن کیلئے نیا قانون بنانے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز میں وزیراعظم کے بچوں کا نام آیا ہے۔لیکن بات گھما پھرا کر وزیراعظم کی طرف لے جائی جاتی ہے۔احتسابی کھیل کے پرانے واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بلا امتیاز سب کا احتساب ہو۔اپوزیشن کی پارلیمانی ٹی اوآرز کمیٹی کے رکن اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت کے 4 میں سے3 ٹی اوآرز تسلیم کرلیے ہیں،ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں،مگر صورتحال جوں کی توں ہے،حکومت کی 75فیصد بات من و عن تسلیم کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایک ٹی اوآر میں تھوڑی سی ترمیم کی ہے۔چوتھے ٹی اوآر کو قابل عمل بنانے کیلئے ترمیم کی تجویز دی ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت نے مشاورت کیلئے جمعہ تک کا وقت مانگ لیاہے۔تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی کاکہنا ہے کہ صورتحال میں کوئی بہتری نہیںآ ئی،ڈیڈلاک برقرار ہے۔حکومت کچھ آف شور کمپنیوں کو بیک ڈور راستہ دینا چاہتی ہے۔