مسیحی مزدور اتحاد کے ایک سال مکمل ہونے پر بلدیہ شرقی میں تقریب کا انعقاد

مسیحی مزدور برابر کے شہری ہیں ، میرا رشتہ مزدوروں سے ہمیشہ رہے گا،مولابخش چانڈیوکا خطاب

منگل 7 جون 2016 16:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جون ۔2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مذہب اسلام ہمیں تمام مذاہب کی عزت کرنے کا درس دیتا ہے ،مسیحی برادری کے ملازمین برابرکے شہری ہیں ، جتنا پاکستانی میں ہوں اتنے ہی پاکستانی مسیحی ملازمین بھی ہیں،پیپلز پارٹی کاتعلق ہمیشہ سے مزدور طبقے سے مظبوط رہا ہے اورپارٹی نے مزدوروں کی فلاح وبہبودکیلئے ماضی سے حال تک متعدد اقدامات کیئے ہیں اور کرتے رہیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسیحی مزدور اتحاد کے ایک سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تفصیلات کے مطابق مسیحی مزدور اتحاد کے ایک سال مکمل ہوجانے پر بلدیہ شرقی میں تقریب منعقد کی گئی جس میں مولا بخش چانڈیو، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ ، میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرو، مسیحی مزدور اتحاد کے صدرپرویزحبیب، چیئرمین ڈاکٹر لیاقت منور سرویا ،مزدور اتحاد کے عہدیدران اورمحکمہ ہیلتھ کے ملازمین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تقریب میں مسیحی ملازمین کے عہدیداروں و ممبران نے خطاب کیاجس میں ملازمین کی کمی، ہیلتھ، اوورٹائم، پینشن و دیگر مسائل سے آگاہ کیا گیا جس پر ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ نے کہا کہ میں پہلے دن سے مزدورں کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کررہا ہوں اور اب تک بیشتر مسائل حل کردیئے گئے ہیں مزید اگر کسی بھی مزدور کو کوئی بھی مسلہ درپیش ہے تو میرا دروازہ ہمیشہ کھلا ہوا ہے ،یہ شہر، ڈسٹرکٹ آپ لوگوں کے توسط سے قائم و دائم و منزل کے طرف گامزن ہے ، آپ اس ادارے کی پہچان ہیں ، اسی طرح محنت و جذبے و عزم کے ساتھ کام کرکے اپنے ادارے، ملک و قوم کا نام روشن کریں، اس موقع پر مزدور اتحاد کے صدر، چیئرمین اور ممبران نے مولابخش چانڈیو اور ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ کو ٹوپی ، اجرک اور ہار پھول پہنائے اور خراج تحسین پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :