صدیق میمن نے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں آسٹروٹرف کی تنصیب کا سنگ بنیاد رکھ دیا

منگل 7 جون 2016 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جون ۔2016ء) چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن نے کہا ہے کہ دوسال قبل کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اسپورٹس کمپلیکس میں آسٹروٹرف لگانے کا جو خواب دیکھا تھا آج وہ پایہ تکمیل تک پہنچ گیا، رواں سال دسمبر میں آسٹروٹرف کا تعمیراتی کام مکمل ہوجائیگا،اسپورٹس کمپلیکس میں خوبصورت جمنازیم اورسوئمنگ پول بھی بنایا جائیگامنصوبے پر تقریباً پانچ کروڑ رپے لاگت آئیگی یہ منصوبہ اگلے سال مکمل ہوگا، قومی کھیل کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہاکی ایسوسی ایشن کو 30 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ بھی دی جائیگی، کھیلوں کیلئے مختص بجٹ کو ایک ارب روپے سے بڑھاکر دو ارب روپے کردیا گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں آسٹروٹرف کی تنصیب کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرکے ایچ اے کے قائم مقام صدر اعجازالدین، سیکریٹری فاروق خان، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر اولمپئن شاہد علی خان، قمرابراہیم، سمیر حسین، سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار سمیت جان محمد، سلیم شیروانی، مبشر مختار، محمد علی اور بڑی تعداد میں ہاکی سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔

صدیق میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی سمیت پورے سندھ میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے ہم نے بجٹ میں دوگنا اضافہ کیا ہے پچھلے سال سندھ میں کھیلوں کا بجٹ ایک ارب روپے تھاجسے بڑھا کر دو ارب روپے کردیا گیا ہے جس کیلئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے بے حد مشکور ہیں اسکے علاوہ رواں سال کھیلوں کی صوبائی ایسوسی ایشن کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے مختص بجٹ دو کروڑ روپے کو بڑھا کر بیسکروڑ روپے کردیا گیا ہے100 فیصد اضافے سے یقین صوبے میں کھیلوں کے حوالے سے مثبت نتائج برآمد ہونگے،سندھ اسپورٹس بورڈ کی گرانٹ کو بھی دوگنا کیا گیا ہے پہلے جو گرانٹ دو کروڑ روپے تھی اب چار کروڑ روپے ہو گئی ہے، صوبائی ایسوسی ایشنز کے فنڈز کو دو کروڑ سے بڑھا کر پانچ کروڑ روپے کردیا گیا ہے جس میں سے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کو 30لاکھ روپے کا خصوصی فنڈ بھی دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے رواں سال 2016-17ء میں کھیلوں کیلئے پانچ ارب روپے لاگت سے54 اسکمیں شروع کی ہیں جبکہ 38اسکیمیں پہلے سے چل رہی ہیں ان میں ہاکی کے حوالے سے امسال دادو، نواب شاہ اور خیر پور میں زیر تکمیل آسٹروٹرف کی تنصیب اور اسٹیڈیم کا کام مکمل کرلیا جائیگا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ کراچی میں کھیلوں کی ترقی کے حوالے سے سابق صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ کی خدمات قابل ستائش ہیں انکی کوششیں رنگ لارہی ہیں اس شہر میں کھیل کے میدان آباد ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ آف سندھ کی کوشش ہے کہ بچوں کو پڑھائی کیساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی فراہم کی جائیں، انکی خواہش ہے کہ کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں فراہم کردہ سہولیات سے تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات بھی فیض یاب ہوں۔

تقریب سے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار، کے ایچ اے کے صدر اعجازالدین، سیکریٹری محمد فاروق خان، اولمپئن شاہد علی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :