ایل ڈی اے سٹی میں آنے وا لے صنعتی یونٹوں کا معاملہ باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے حل کیا جائیگا ‘خواجہ ا حمد حسان

منگل 7 جون 2016 16:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جون ۔2016ء)وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ ا حمد حسان نے یقین دلایا ہے کہ ایل ڈی اے سٹی میں آنے وا لے صنعتی یونٹوں کا معاملہ باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا ،صنعتکاروں کی رضا مندی کے بغیر کسی کو ان کی ایک اینٹ بھی گرانے نہیں دی جائے گی ،مقامی صنعتکار اس معاملے میں اپنی سفارشات اور متبادل تجاویز ایک دو روز میں پیش کریں ‘ ان کا تفصیلی جائزہ لے کرمثبت پیش رفت کی جائے گی اور قابل قبول حل تلاش کیا جائے گا ۔

وہ گزشتہ روز ایوان وزیر ا علیٰ 90شاہراہ قائد اعظم پر لاہور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر انجم نثار کی قیادت میں ملاقات کے لئے آنے والے کاہنہ کاچھا کے صنعتکاروں اور کاشتکاروں کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگی رہنما رانا مبشر ا قبال‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نبیل جاوید اور دیگر متعلقہ ا فسران بھی موجود تھے ۔خواجہ احمد حسان نے کہا کہ یہ بات اصولی طور پر طے شدہ ہے کہ کہ کسی کی رضا مندی‘ معاوضے کی ادائیگی یا کوئی اور معقول بندوبست کئے بغیر کسی کا گھر، دکان یا انڈسٹری مسمار نہیں کی جائے گی ۔

حالیہ برسوں کے دوران لاہو رمیں ا س اصول پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا ہے۔انہو ں نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لئے حاصل کی جانے والی جائیدادوں کا ابھی تک 16ارب روپے سے زائد معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے ۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے گرانٹ ان ایڈ کے طور پر دو ارب روپے ایسے لوگوں کو معاوضہ ادا کرنے کے لئے فراہم کئے جن کے پاس اپنے زیر قبضہ جائیدادوں کے ملکیتی ثبوت بھی نہ تھے ۔

معاوضے کی ادائیگی کے بارے میں تقریبا 40 مقدمات دائر گئے جن میں سے صرف چار باقی رہ گئے ہیں باقی افراد نے مقدمات سے رضا کارانہ طور پر دستبردار ہو کر معاوضہ وصول کر لیا ہے ۔ ابتدا میں جن لوگوں نے غلط فہمی کی بنیاد پر جلوس نکالے وہ اصل صورتحال معلوم ہونے پر معاوضہ وصول کرنے کے لئے بخوشی تیار ہو گئے ۔چنانچہ کاہنہ کا چھا کے صنعتکار اور کاشتکار مطمئن رہیں ‘نہ تو کسی کی حق تلفی ہو گی اور نہ ہی کسی سے زیادتی کی جائے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ موٹر وے کے قریب تین ہزار ایکڑ پر نیا انڈسٹریل زون بنانے کے لئے ضروری منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نبیل جاوید نے کہا کہ یہ معاملہ خوش اسلوبی سے طے کیا جائے گا ‘ہم سب کا مقصد شہر کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہے ‘ صنعتکاروں کو کسی پریشانی میں مبتلا نہیں کیا جائے گا ۔کسی اہلکار کا ان کے ساتھ نا مناسب رویہ ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے ۔انہو ں نے بتایا کہ لاہور ڈویژن کے نئے ماسٹر پلان میں انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے لئے علیحدہ علاقے مختص کئے جا رہے ہیں ۔