Live Updates

حکومت میں آکرکسانوں سے کئی دہائیوں سے ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کرینگے‘ عمران خان

منگل 7 جون 2016 16:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت میں آکرکسانوں سے کئی دہائیوں سے ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کریں گے ، حکمرانوں کے استحصال کے باوجود ہمارا کسان دن رات محنت کر کے ملک کیلئے خوراک کی ضروریات پوری کر رہا ہے ، جمشید اقبال چیمہ کی سربراہی میں اوریگا گروپ کی زراعت کی ترقی اور اپنے کسانوں کو جدت اور اس شعبے میں دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہی کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں اوریگا گروپ کے زیر اہتمام ’ ’ نیشنل فوڈ سکیورٹی کانفرنس 2016“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر اوریگا گروپ آف کمپنیز جمشید اقبال چیمہ ،اسد عمر ، نعیم الحق ،کسان اتحاد کے صدرخالد کھوکھر،رائے عزیز اللہ، شوکت یوسف زائی ، سینیٹر محسن عزیز ،ڈاکٹر شہزاد وسیم ،ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ ، منزہ حسن ،نفیسہ خٹک اور مسرت جمشید چیمہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس زراعت کو سمجھنے والے جمشید اقبال چیمہ جیسے ماہرین موجود ہیں ۔زراعت اور کسانوں کی ترقی کیلئے ہوم ورک مکمل کر رکھا ہے انشا اللہ جب بھی حکومت میں آئیں گے اس شعبے میں ایمر جنسی کا نفاذ کر یں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کسان کئی دہائیوں سے استحصال کے باوجود نہ صرف ملک کی خوراک بلکہ صنعتوں کیلئے خام مال کی ضروریات کو بھی پورا کر رہا ہے لیکن بد قسمتی سے حکمرانوں نے اس طبقے کو مکمل نظر انداز کیا ۔

حکومت نے ہمارے احتجاج کے باعث کسانوں کیلئے پیکیجز کے اعلانات کئے لیکن اس میں تفریق برتی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو پیسہ عوام پرخرچ ہونا چاہیے وہ 200 ارب کی میٹرو ٹرین پر ہوجاتا ہے، اگر یہی رقم کسانوں پر خرچ کی جائے تو اس کا فائدہ سب کو نظرآجائے گا لیکن حکومت کو ملک کے دیہی علاقے کے بارے میں کوئی فکر نہیں۔ جمشید اقبال چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان میں اب تک آنے والی حکومتوں نے زراعت کے شعبے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے ۔

خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے زراعت کے شعبے کی ترقی نا گزیر ہے جس کیلئے ریسرچ پر توجہ دینا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرعی ریسرچ کے تمام اداروں سے زیادہ ریسرچ کا کام اوریگا گروپ نے اکیلے ہی سر انجام دیا ہے جس کے ثمرات زراعت میں نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور زراعت پر توجہ دے ۔ اگر ہمیں خوراک بیرون ممالک سے منگوانی پڑ گئی تو قرضے لے کر بھر ے جانے والے زر مبادلہ کے ذخائر ختم ہو جائیں گے لیکن خوراک کی ضروریات پوری نہیں ہو سکیں گی۔

مسرت جمشید چیمہ سمیت دیگر شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زراعت کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے ۔ پاکستان میں پانی کی شدید قلت زراعت پر تباہ کن اثرات مرتب کر رہی ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے وسیع تر مفاد میں قومی قیادت ، زراعت کے ماہرین سے مشاورت کر کے قومی زرعی پالیسی کا اعلان کرے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :