وزیر اعظم کے اقتصادی وژن کی بدولت ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، معیشت کو مضبوط بنانا اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، گورنر پنجاب کی لاہور چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو

منگل 7 جون 2016 15:58

لاہور۔7 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جون۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ معیشت کو مضبوط بنانا ،روزگار کے مواقع فراہم کرنا،صنعتی عمل کو تیز کرنا اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے اقتصادی وژن کی بدولت ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری کے لیے وزیر اعظم اور ان کی اقتصادی ٹیم پوری یکسوئی سے کام کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان بھی دنیا میں مضبوط معیشت کے طور پر جانا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد گروپ لاہور چیمبر آف کامرس کے 6رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

جنہوں نے ڈاکٹر احسن وارث کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔

وفد میں آغاعدنان ،سید سلمان علی، راجہ حسن اختر، میاں محمد نواز اور محمد یٰسین موجود تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ اور پوری قوم اللہ تعالیٰ کے سامنے سر بسجود ہیں کہ اس نے انہیں رمضان المبارک جیسا با برکت اور رحمتوں والامہینہ عطا فرمایا ہے۔انہوں نے اس موقع پر تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک میں جائز منافع لے کر عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ خوشیاں فراہم کرکے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کریں ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے سستے رمضان بازار اور مدنی دستر خوان کا اہتمام کیا ہے جس پر اربوں روپے کی کثیر رقم مختص کی گئی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو معیشت کی صورت حال انتہائی دگر گوں تھی، اللہ کے فضل و کرم سے ہم اپنے تین سالہ دور حکومت میں معاشی استحکام کی منزل حاصل کر چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بر آمدات میں اضافہ کے لیے صنعتی شعبے کو بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء تک انشااللہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ زراعت کی ترقی ہمیشہ سے مسلم لیگ ن کے منشورکا بنیادی حصہ رہا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے موجودہ بجٹ میں زراعت کے شعبے سے وابستہ چیزوں کی قیمتوں میں کمی لانے کی بھرپور کوشش کی ہے ، کھاد ،زرعی ادویات اور ٹیوب ویل کی بجلی میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے تا کہ کسان کم لاگت کے ساتھ اپنی فصلیں کاشت کر کے بہتر منافع کما سکیں۔