Live Updates

پی ٹی آئی فنڈنگ میں خورد برد کا الزام، سماعت 10 جون تک ملتوی

الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کے وکیل کو فوری طور پر طلب کرلیا

منگل 7 جون 2016 15:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 جون ۔2016ء) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت تحریک انصاف کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث بغیر کارروائی کے دس جون تک ملتوی کردی، درخواست گزار نے استدعا کی کہ تحریک انصاف کے خلاف ثبوت موجود ہیں، پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے۔ غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے وکیل کو فوری طور پر طلب کرلیا۔

درخواست گزار اکبر ایس بابر کی طرف سے استدعا کی گئی کہ تحریک انصاف کے خلاف ثبوت موجود ہیں پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے فنڈنگ کیس پر سٹے آرڈر نہیں دیا۔ اگر دیا ہے تو تحریری آرڈر منگوائیں، اس کیس کی سماعت 10جون تک ملتوی کر دی گئی۔ کیس کی سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے منحرف رہنماء اکبر ایس بابر نے کہا کہ تحریک انصاف کا کوئی وکیل الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا، 9 ماہ سے یہ معاملہ الیکشن کمیشن اور عدالت میں زیر التواء ہے، پی ٹی آئی انصاف سے بھاگ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پروڈکشن آرڈر کی استدعا کی ہے، کیس کے زیر التواء کا فائدہ تحریک انصاف کو ہو رہا ہے، الیکشن کمیشن طلبی کے باوجود پی ٹی آئی کا وکیل نہیں آیا۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کو غیر ملکی فنڈنگ کے خلاف 31 مارچ کو خط لکھا، چوہدری نثار یاری نبھانے کی بجائے آئینی ذمہ داری پوری کریں، تحقیقات کیلئے چوہدری نثار کو یاد دہانی کا خط لکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کارروائی نہ کی تو ہائیکورٹ سے رجوع کروں گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات