پاناما لیکس: چیئرمین نیب سے جواب طلب کرنے اور وزیر اعظم کے خلاف نیب میں انکوائری کرانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 7 جون 2016 14:50

پاناما لیکس: چیئرمین نیب سے جواب طلب کرنے اور وزیر اعظم کے خلاف نیب ..

لاہور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07جون۔2016ء) پاناما لیکس کے معاملے پر چیئرمین نیب سے جواب طلب کرنے اور وزیر اعظم کے خلاف نیب میں انکوائری کرانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔ یہ درخواست منیر احمد نامی شہری نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے افراد نے اپنے اثاثے چھپائے ، رقم غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کی اور قوم سے غلط بیانی کی۔

(جاری ہے)

نیب آرڈیننس کے سیکشن 18کے تحت وزیر اعظم کے خلاف پاناما لیکس کے معاملے پر نیب از خود کارروائی کا اختیار رکھتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی نوٹسز کے جواب میں چیئرمین نیب نے ابھی تک نہ تو عدالت عالیہ میں اپنا جواب داخل کرایا نہ ہی وزیر اعظم اور ان کی فیملی کے خلاف از خود اختیار استعمال کرتے ہوئے انکوائری شروع کی جو کہ واضح طور پر قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پاناما لیکس کے معاملے پر چئیرمین نیب سے جواب طلب کرے اور وزیر اعظم کے خلاف نیب میں انکوائری کرنے کے بھی احکامات صادر کرے۔