پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا آغازجنوبی پنجاب کر دیا گیا،تہمینہ دولتانہ

اشرافیہ منرل واٹر پےئے اورعام آدمی کوصاف پانی نہ ملے ہمیں یہ قطعاً برداشت نہیں،رکن قومی اسمبلی

منگل 7 جون 2016 14:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جون۔2016ء) سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ نے کہا ہے کہ پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا آغازجنوبی پنجاب سے کیا گیا ہے۔ پینے کا صاف پانی ہرشہری کا بنیادی حق ہے اورپنجاب حکومت عوام کو پینے کے صاف پانی کا حق دے گی۔ لڈن میں صاف پانی پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہاکہ اشرافیہ منرل واٹر پےئے اورعام آدمی کوصاف پانی نہ ملے ہمیں یہ قطعاً برداشت نہیں ۔

پینے کے صاف پانی پروگرام کے ذریعے یہ تفاوت ختم کریں گے۔پنجاب حکومت اپنے وسائل سے اربوں روپے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کیلئے مہیا کرے گی۔پینے کے صاف پانی کا پروگرام قومی وسائل عوام پر صرف کرنے کی شاندار مثال ہے صاف پانی پراجیکٹ کے تحت آئندہ دو برس کے دوران دیہات میں بسنے والے کروڑوں افراد کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کا تعلق عوام کی صحت سے جڑا ہے اور عوام کو صاف پانی کی فراہمی سے وبائی امراض سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت پنجاب نے اربوں روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں ان علاقوں میں یہ منصوبہ مکمل کیا جائے گا جہاں صاف پانی کی شدید قلت ہے۔

منصوبے کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق شفاف اور تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔منصوبوں کی مانیٹرنگ اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کیلئے بھی میکانزم وضع کیا گیا ہے۔ پنجاب کے 10 اضلاع میں صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی میں نجی شعبہ کی شمولیت کا فیصلہ بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ اس پروگرام پر عملدرآمد سے نہ صرف دیہی و بنیادی مراکز صحت بلکہ تحصیل و ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور مریضوں کو معیاری علاج معالجہ تک رسائی ہوگی،لڈن میں صاف پانی کے لئے بیس کروڑ روپے جاری کرنے پر شہبازشریف کے مشکور ہیں، پنجاب حکومت شہری اوردیہی علاقوں کے لئے متوازن ترقی کی پالیسی پر گامزن ہے اوریہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لئے فلاحی اورتعلیمی پروگرامز میں 10فیصد زائد کوٹہ مختص کیاگیاہے