اسٹیٹ بینک نے عوام تک نئے نوٹوں کی ترسیل کیلئے ایس ایم ایس سروس شروع کر دی

منگل 7 جون 2016 14:33

اسٹیٹ بینک نے عوام تک نئے نوٹوں کی ترسیل کیلئے ایس ایم ایس سروس شروع ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جون۔2016ء) عیدالفطر پر نئے نوٹ چاہئیں تو اسٹیٹ بینک کی ایس ایم ایس سروس پر شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ پیغام بھیجیں۔ عوام کمرشل بینکوں کی نامزد ای برانچز سے آٹھ جون کو نئے نوٹ حاصل کر سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق نئے اور کرارے کرارے نوٹ میٹھی عید کو اور بھی میٹھا بنا دیتے ہیں لیکن نئے نوٹوں کا حصول ہر عید پر مشکل ہو جاتا ہے۔

اسی لیے اسٹیٹ بینک نے عوام کی سہولت اور نوٹوں کی ترسیل کو شفاف بنانے کے لیے ایس ایم ایس سروس شروع کر دی۔ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ برانچ کوڈ لکھ کر 8877پر ایس ایم ایس کر سکتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے 16 فیلڈ دفاتر سے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کیے جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

دو رمضان سے شروع ہونے والے نئے نوٹوں کا اجرا اٹھائیس رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔

جاری ہدایات کے تحت نئے نوٹوں کا فی کس کوٹہ 10روپے کی دو اور 20 روپے کی ایک گڈی ہے تاہم برانچ میں دستیابی کی صورت میں 50 روپے اور 100روپے کے نوٹوں کی بھی ایک ایک گڈی حاصل کی جا سکتی ہے۔

طریقہ کار
صارفین اایس ایم ایس میں اپنا شناختی کارڈ نمبر سپیس برانچ کوڈ لکھ کر 8877 پر بھیج دیں. جس کے کچھ ہی دیر بعد انہیں جوابی میسج میں ایک کوڈ دیا جائے گا. اس کوڈ کو برانچ میں دکھا کر نئے نوٹ حاصل کیے جا سکتے ہیں. کوئی بھی صارف صرف ایک بار ہی اس سروس کو استعمال کر سکتا ہے.8877 پر ایس ایم ایس کرنے کے چارجز 2روپے علاوہ ٹیکس ہیں. صارفین کسی بھی قسم کی شکایات کی صورت میں لاہور، کراچی یا اسلام آباد کے ڈائلنگ کوڈ کےساتھ یو اے این نمبر111008877 پر رابطہ کر سکتے ہیں. برانچ کوڈ کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کریں.