مالاکنڈ میں شہید ہونے والے غلام مصطفی فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی جانب سے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے

منگل 7 جون 2016 14:28

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جون۔2016ء) آپریشن ضرب عضب کے دوران مالا کنڈ ایجنسی میں شہید ہونے والے انجینئر کور کے حوالدار جہانیاں کے رہائشی غلام مصطفےٰ شہید کو نماز جنازہ کے بعد پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا ،صدر مملکت ،آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی جانب سے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے،پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی۔

تفصیل کے مطابق پاک فوج کی جانب سے شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران مالا کنڈ ایجنسی کے علاقہ بونیر میں جہانیاں کے نواحی گاؤں چک نمبر157دس آر کے رہائشی317انجینئر کور کے حوالدار غلام مصطفےٰ شہید ہو گئے تھے جس کا جد خاکی ان کے آبائی گاؤں چک157دس آر لایا گیا جہاں شہید کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور بعد ازاں اسے پورے عسکری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ،لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن اور اسٹیشن کمانڈر کی جانب سے بریگیڈئیر خرم،لیفٹیننٹ کرنل نسیم،کرنل فیصل،میجر عدیل،لیفٹیننٹ عمر ،اور لیفٹیننٹ شاہ رخ نے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،شہید کی قبر پر قومی پرچم لہرایا گیا جبکہ بریگیڈئیر خرم نے شہید کی یونیفارم اور تمغے شہید کے بھائیوں ممتاز علی اور محمد علی کے حوالے کیے،شہید نے بیوہ اور تین بچوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔