جی ایچ کیو میں اعلی سطح کا سکیورٹی اجلاس، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلی‌حکام کی شرکت

اجلاس میں امریکی ڈرون حملے پر تشویش کا اظہار، ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 جون 2016 14:25

جی ایچ کیو میں اعلی سطح کا سکیورٹی اجلاس، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07 جون 2016ء) : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں مشیر قومی سلامتی امور ناصر خان جنجوعہ ، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت دیگر اعلیٰ عسکری حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر اعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خزانہ اعزاز چوہدری بھی شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال کا مجموعی طور پر جائزہ لینے سمیت خطے کی سکیورٹی صورتحال اور امن و امان کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔اجلاس میں شرکا نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بے مثال قرار دیا۔

(جاری ہے)

شرکا نے اجلاس میں اتفاق کیا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں شرکا نے باہم اتفاق کیا کہ ملک دشمن ایجنٹوں اور ایجنسیوں کو ملک میں مسائل پیدا نہیں کرنے دیں گے،کسی بھی منفی اور غیر ملکی عناصر کو ہر حال میں زائل کیا جائے گا۔ اجلاس میں شرکا کی جانب سے 21 مئی کو ہونے والے ڈرون حملے پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا، شرکا نے امریکی ڈرون حملے کو ملکی سلامتی اور استحکام کے مخالف قرار دیا۔

شرکا کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے سے پاکستان اور امریکہ کا باہمی اعتماد اور پاکستان کی خود مختاری سمیت افغان عمل بھی متاثرہوا۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے ثمرات اور کامیابیوں کو مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں ملا اختر منصور کی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی ترقی کے خلاف سازشوں کا جائزہ لیکر انہیں بھر پور کوشش کر کے ناکام بنایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں ملکی قیادت نے قومی مفاد کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔