پاکستان نے امن و امان کے فروغ کے لئے منی لانڈرنگ، منظم جرائم، انسانی سمگلنگ اور سرحد پار مداخلت روکنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں

وزارت داخلہ کے سپیشل سیکریٹری شعیب صدیقی کا اقوام متحدہ کے پولیس سربراہان کے اجلاس سے خطاب

منگل 7 جون 2016 13:56

اسلام آباد ۔ 7 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جون۔2016ء) وزارت داخلہ کے سپیشل سیکریٹری شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان نے امن و امان کے فروغ کے لئے منی لانڈرنگ، منظم جرائم، انسانی سمگلنگ اور سرحد پار مداخلت روکنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ نیویارک سے موصول ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق اقوام متحدہ کی پولیس سے متعلق موجودہ اور مستقبل کے رجحانات کے بارے میں اقوام متحدہ کے پولیس سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی پولیس کے واضح مینڈیٹ پر زور دیتا ہے جس پر کامیابی سے عمل درآمد ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ مطلوبہ اہداف کے حصول کے لئے ذاتی نگرانی اور قائدانہ کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان تمام کوششوں کا مقصد پاکستان بالخصوص اور دنیا کو بالعموم ایک محفوظ جگہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے نمٹنے کا گرانقدر تجربہ رکھتا ہے۔ ہمارے اہلکاروں نے موثر امن برقرار رکھنے کے اقدامات کے ذریعے امن کے دشمنوں کو ناکام بنایا، قانون کی حکمرانی، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافہ، تخفیف اسلحہ اور باغیوں کو شکست دے کر دنیا کے مختلف ممالک کو قیام امن میں مدد دی۔

علاوہ ازیں سماجی خدمات سرانجام دیتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قومی اور بین الاقوامی امن کے فروغ کے لئے پرعزم ہے اور عالمی نصب العین کے لئے پاکستان نے عظیم کوششیں اور قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ امن برقرار رکھنے کے مشنز میں ہم پاکستان کے لئے مزید فعال اور نمایاں کردار کے لئے پرامید ہیں۔