پاناما لیکس ،وزیر اعظم کیخلاف نیب میں انکوائری کرانے ، چیئرمین نیب سے جواب طلب کرنے کیلئے متفرق درخواست دائر

منگل 7 جون 2016 13:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جون ۔2016ء ) پاناما لیکس کے معاملے پر وزیر اعظم کے خلاف نیب میں انکوائری کرانے اور چیئرمین نیب سے جواب طلب کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی ۔ یہ درخواست منیر احمد نامی شہری نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے افراد نے اپنے اثاثے چھپائے ، رقم غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کی اور قوم سے غلط بیانی کی ۔

(جاری ہے)

نیب آرڈیننس کے سیکشن اٹھارہ کے تحت وزیر اعظم کے خلاف پاناما لیکس کے معاملے پر نیب از خود کارروائی کا اختیار رکھتا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی نوٹسز کے جواب میں چیئرمین نیب نے ابھی تک نہ تو عدالت عالیہ میں اپنا جواب داخل کرایا نہ ہی وزیر اعظم اور ان کی فیملی کے خلاف از خود اختیار استعمال کرتے ہوئے انکوائری شروع کی جو کہ واضح طور پر قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پاناما لیکس کے معاملے پر چیئرمین نیب سے جواب طلب کرے اور وزیر اعظم کے خلاف نیب میں انکوائری کرنے کے بھی احکامات صادر کرے۔

متعلقہ عنوان :