سہ ملکی کر کٹ سیریز،آسٹریلیا نے میزبان ویسٹ انڈیزکو6وکٹوں سے شکست دیدی

پیر 6 جون 2016 19:04

سہ ملکی کر کٹ سیریز،آسٹریلیا نے میزبان ویسٹ انڈیزکو6وکٹوں سے شکست دیدی

گیانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جون۔2016ء) سہ ملکی کر کٹ سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے میزبان ویسٹ انڈیزکو6وکتوں سے شکست دیدی،آسٹریلیا نے 117رنز کا ہدف 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ،آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر55،عثمان خواجہ 27 اور فنچ 19رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے نرائن نے دو، جیسن ہولڈر اور سلیمان بین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 32.3اوورز میں 116رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،آسٹریلیا کی جانب سے زیمپا اور نیتھن لیون نے3، 3 جبکہ مچل اسٹار ک نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔تفصیلات کے مطابق گیانا میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر میزبان ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ویسٹ انڈیز کو 6 کے اسکور پر ہی نقصان اٹھانا پڑا جب آندرے فلیچر 4 رنز بنا کر انجری کے باعث طویل عرصے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں واپسی کرنے والے فاسٹ بالر مچل اسٹارک کا نشانہ بنے۔

(جاری ہے)

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چمپین ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ آسٹریلیا کے اسپنرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی بلے باز اچھی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔جانسن چارلس 22 اور کریگ بریتھویٹ 21 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کی جانب سے نمایاں بلے باز تھے جبکہ ڈیرن براوو 19 اور رامدین 12 رنز بنا سکے۔ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 32.3 اوورز میں صرف 116 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور مضبوط حریف کو آسان ہدف دے دیا۔

شین وارن کا متبادل قرار دیے جانے والے زیمپا نے آسٹریلیا کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے تین بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا جبکہ نیتھن لیون نے بھی 3 وکٹیں گرادیں اور مچل اسٹار ک نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ون ڈے کرکٹ کی عالمی چمپیئن آسٹریلیا نے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت چھوٹے ہدف کو باآسانی حاصل کرلیا۔ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز اسپنر سنیل نرائن نے آسٹریلوی بلے بازوں کے لیے مشکلات ضرور کھڑی کیں تاہم ان کے سامنے دفاع کیلیے اسکور ناکافی تھا۔

آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 44 کے اسکور پر ارون فنچ کی صورت میں گری، وہ 19 رنز بنا سکے، دوسری وکٹ میں وارنر اور عثمان خواجہ نے اسکور کو 85 رنز تک پہنچایا تاہم خواجہ 27 رنز بنا کر سلیمان بین کو وکٹ دے بیٹھے۔کپتان اسٹیون اسمتھ 6 اور گلین میکسویل صفر پر نرائن کی گھومتی گیندوں کا شکار ہو کر واپس پویلین چلے گئے۔ڈیوڈ وارنر کے ناقابل شکست 55 اور مچل مارش کے 9 رنز کے ساتھ آسٹریلیا نے 117 رنز بنا کر ہدف عبور کرلیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے نرائن نے دو، جیسن ہولڈر اور سلیمان بین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔میزبان ٹیم نے سیریز کے پہلے میچ میں سنیل نرائن کی تباہ کن بالنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ آسٹریلیا بونس پوائنٹ کے ساتھ سرفہرست ہے۔

متعلقہ عنوان :