شہبازشریف ،وزیر خزانہ اسحاق ڈا ر،سرتاج عزیز ،میر ظفر اللہ جمالی کا لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی وفات پر اظہار افسوس،مرحوم کی رسم قل (کل ) اسلام آباد میں انکے بیٹے قیصر مجید کی رہائش گاہ پر ادا کی جائے گی

مرحوم نے پاک فوج میں ملکی دفاع اورملکی سیاست میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،وزیراعلی پنجاب کا عبدالمجید ملک کے داماد اور مرحوم کے بیٹے کو ٹیلی فون جنرل (ر) عبدالمجید ملک مرحوم مسلم لیگ (ن) کے لئے قیمتی سرمایہ تھے ، انکے انتقال کے بعد پارٹی ایک عسکری اور سیاسی شخصیت کے تجربات سے محروم ہوگئی ہے ،مشیر خارجہ سرتاج عزیز

اتوار 5 جون 2016 19:16

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5جون۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف ،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈا ر اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی پاکستان اور مسلم لیگ ن کے لئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے پاک فوج میں ملکی دفاع اورملکی سیاست میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لندن سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی وفات پر ان کے داماد رکن قومی اسمبلی میجر (ر)طاہر اقبال اور مرحوم کے بیٹے ایڈیشنل سیکرٹری قیصر مجید ملک کو ٹیلی فون کرکے افسوس کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی وفا ت پر تعزیتی پیغام پہنچایااور کہا کہ میں اوروزیراعظم نوازشریف وطن واپسی پر ان کی رہائش گاہ پر آئیں گے۔

اس موقع پروزیراعلی پنجاب کا کہناتھا کہ مرحوم لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک نے سیاست میں آنے کے بعد مسلم لیگ ن کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں اور پارٹی کی تنظیم نو میں اہم کردار اداکیا،وہ ہمارے بزرگوں کی طرح تھے ،انہوں نے ہمیشہ علاقے کی فلاح وبہبود کے لئے اپنا کردار اداکیا۔دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک مرحوم کے داماد رکن قومی اسمبلی میجر (ر)طاہر اقبال کو ٹیلی فون کرکے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔

دریں اثناء مرحوم کے آبائی گاؤں جنڈاعوان میں رسم قل اداکی گئی ،جس میں بڑی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی ۔دریں اثناء صوبائی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سیکرٹری راجہ اشفاق سرور ،گوجرخان سے رکن قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص ،سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کے پولیٹیکل سیکرٹری نے جنڈ اعوان جاکر رکن قومی اسمبلی میجر (ر)طاہر اقبال کے اہل خانہ سے تعزیت کی ،دریں اثناء رکن قومی اسمبلی میجر (ر)طاہر اقبال کے صاحبزادے ایڈیشنل سیکرٹری قیصر مجید ملک کی جی سکس سٹریٹ نمبر 6میں واقع رہائش گاہ میں کل پیر کو رسم قل اور اجتماعی دعا کی جائے گی۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر اور بزرگ مسلم لیگی رہنما جنرل (ر) عبدالمجید ملک مرحوم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لئے قیمتی سرمایہ تھے آج انکے انتقال کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک عسکری اور سیاسی شخصیت کے تجربات سے محروم ہوگئی ہے ۔مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز کا مزید کہنا تھا کہ مرحوم جنرل (ر) عبدالمجید ملک سمیت ہم پانچ رہنما پارٹی اور وزیراعظم میاں نواز شریف کی کچن کابنیہ کے ممبران کے طور پر عوام اور اپوزیشن جماعتوں میں مشہور تھے۔

مشیر خارجہ امور سرتاج عزیزنے ان خیالات کا اظہار جند اعوان میں جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت میں کیا اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی عسکری و سیاسی خدمات کو پاکستانی عوام سمیت پاکستان مسلم لیگ کی قیادت ہمیشہ یار دکھے گی اورہماری جماعت انکے انداز سیاست اور بتائے ہوئے اصولوں پر ملکی مسائل کے حل کے لئے پوری کوشش جاری رکھیں گے۔