نیدرلینڈ زرعی مصنوعات برآمد کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے

ہفتہ 4 جون 2016 16:28

راولپنڈی۔04 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جون۔2016ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے مابین تجارت میں 20فیصدسے زائد اضافہ ہوا ،کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت رواں سال دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈ کو اعلیٰ معیار کے باسمتی چاول ، آم اور کنو برآمد کر رہا ہے جس میں اضافے کی بہت گنجائش موجود ہے۔

وزیر زراعت نے کہا کہ نیدرلینڈ زرعی مصنوعات برآمد کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جس کی زرعی میدان میں جدید تحقیق سے پاکستان بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دودھ کی پیدوار کے حوالے سے چوتھے نمبر پر ہے اس لیے ہالینڈ پاکستان میں دودھ کے پراسیسنگ پلانٹ لگا کر دونوں ملکوں کے مابین اشتراک میں اضافہ کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرخ جاوید نے ہالینڈ سے آئے کاروباری حضرات کی توجہ پاکستان سے ہلال گوشت درآمد کرنے کی جانب دلائی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب نیدرلینڈ کیساتھ باہمی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہم اپنی زرعی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے کوشاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :