اسلام قبول کرنے والے برطانوی گلوکار کی مہاجرین کیلئے مہم کا آغاز

ہفتہ 4 جون 2016 12:33

اسلام قبول کرنے والے برطانوی گلوکار کی مہاجرین کیلئے مہم کا آغاز

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جون۔2016ء)اسلام قبول کرنے والے برطانوی گلوکار اور نغمہ نگار یوسف اسلام نے یورپ آنے والے مہاجر بچوں کے مقدر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مہم کا آغاز کردیا،میڈیارپورٹس کے مطابق یوسف اسلام کی اس مہم کا آغاز اْن کے ایک نئے سولو گیت کے اجرا سے ہوا ہے اور انہوں نے ایک خیراتی کانسرٹ کے منصوبہ کا بھی اعلان کیا ہے۔

یوسف اسلام کے اس نئے گیت کا عنوان ہے He Was Alone ،اور اس گیت کو ایک ویڈیو کے ساتھ جاری کیا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک لڑکے کو دکھایا گیا ہے جو اپنے فیملی سے محروم ہو چْکا ہے۔ یہ لڑکا ایک سڑک حادثے میں انتتقال کر جاتا ہے اور انتقال کے بعد اس کے پاس سے ایک پتھر برآمد ہوتا ہے جس پر عربی کا ایک لفظ ’ولد‘ یعنی بیٹا لکھا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

67 سالہ یوسف اسلام جو 60 اور 70 کے عشرے میں اپنے گیت ’مون شیڈو‘ اور وائلڈ ورلڈ‘ کے سبب غیر معمولی طور پر مقبول ہوئے تھے، کا کہنا تھا کہ یورپی آنے والے مہاجرین کے مسائل اور اس بحران کے ساتھ اْن کی وابستگی کی وجہ بحران زدہ عرب ملک شام کے نزدیک جنوبی ترکی کے سرحدی علاقے میں قائم مہاجر کیمپ کا اْن کا دورہ بنا۔

انہوں نے کہاکہ اتنے بڑے انسانی المیے سے دوچار انسانوں کو خاموش تماشائی بنے دیکھتے رہنا اور ان کے لیے کچھ نہ کرنا میرے لیے بہت ہی مشکل تھا۔