وفاقی بجٹ عوام کی امنگوں کے برعکس آئی ایم ایف سمیت عالمی اداروں کی ڈکٹیشن پر بنایا گیا ،ڈاکٹر قادر مگسی

جمعہ 3 جون 2016 23:02

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوام کی امنگوں کے برعکس آئی ایم ایف سمیت عالمی اداروں کی ڈکٹیشن پر بنایا گیا ہے اس سے عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ بجٹ میں غیرضروری اضافی ٹیکس لگا کر عوام کی زندگی مزید اجیرن کر دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ بجٹ بنانے سے پہلے ضروری ہوتا ہے کہ عوام کی مشکلات اور ضروریات کا خیال رکھ کر اعدادوشمار مرتب کئے جائیں اور ان کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کے موثر اقدامات کئے جائیں لیکن وفاقی بجٹ میں ایسی کوئی چیز نظر نہیں آتی، انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ اس وفاقی بجٹ سے عوام کو کوئی سہولت ملے گی یا ملک ترقی کرے گا، انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت بھوک بدحالی بیروزگاری اور ناانصافیوں کے شکنجے میں پھنسے ہوئے ہیں اس لئے یہ ضروری ہے کہ ایسا بجٹ پیش کیا جائے جس سے غربت کا خاتمہ ممکن ہو اور ملک کی عزت و وقار کے مطابق اقدامات تجویز کئے گئے ہوں۔