اسحاق ڈار نے اس بجٹ میں غریبوں کو دودھ کی بوتل پر ٹرخا دیا ہے،مولا بخش چانڈیو

نواز لیگ کی حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کرنے کی اپنی روایت برقرار رکھی اور غریب کے منہ سے روٹی کا نوالا بھی چھین لیا ہے، مشیر اطلاعات

جمعہ 3 جون 2016 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) صوبائی مشیر اطلاعات وآرکائیوز مولا بخش چانڈیو نے بجٹ2016-17 کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز لیگ کی حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کرنے کی اپنی روایت برقرار رکھی اور غریب کے منہ سے روٹی کا نوالا بھی چھین لیا ہے،وفاقی بجٹ 2016-17 کو دیکھ کو بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ غریب عوام کا بجٹ نہیں،بلکہ نوازشریف کے قریبی مراعات یافتہ طبقے کا بجٹ ہے،بجٹ پیش کئیے جانے کے بعد کراچی سے جاری بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اسحاق ڈار نے اس بجٹ میں غریبوں کو دودھ کی بوتل پر ٹرخا دیا ہے اور بجٹ کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ صرف چند مخصوص لوگوں کو خوش کرنے کے لئے ڈھونگ رچایا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ نوازحکومت کا یہ بجٹ دیکھ کر ہمیں کہ کہنے میں کو آر نہیں اس حکومت کا اصل مقصد صرف اور صرف غریبوں کی جیب پر ڈاکہ ڈالنا ہے،مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں عبوری اضافہ سنگین مزاق کے مترادف ہے اور یہ مذاق ماضی میں بھی مہنگا پڑا تھا،انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں جو عوام پر ٹیکسوں کے بوجھ ڈالے گئے ہیں وفاقی حکومت کو اس کا خمیازہ چند ہفتوں میں بھگتنا پڑے گا،انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا بجٹ ہے جس میں پینے کے پانی پر بھی ٹیکس لگادیا ہے ،انہوں نے کہا کہ 12 سو 76 ارب کے خسارے کا بجٹ پیش کر کے کون سا تیر چلایا گیا ہے یہ سمجھ سے بالا تر ہے،انہوں نے کہا کہ بجٹ میں چھوٹے صوبے کے حصے کی غیر منصفانہ تقسیم سے چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی میں اضافہ ہوگا،انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی تنخواہوں میں1000 روپے اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے اس سے محنت کشوں کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا،انہوں نے کہا کہ بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبے کو نظر انداز کر کے پاکستان کے مستقبل سے کھیلا جارہا ہے،مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں بجٹ کے جو احداف مقرر کئیے گئے تھے وہ حاصل نہیں ہوسکے ،اس بارے میں حکومت کو اپنی ناکامیاں تسلیم کرنی چاہئیے،انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر یہ بجٹ غریب عوام کی پریشانیوں میں اور اضافہ کرے گا،انہوں نے کہا کہ رمضان اور عید قریب ہے لوگوں کو اشیاخردونوش پر رعایت ملی چاہئیے تھی،لیکن نواز حکومت کی ایسی سوچ نہیں کہ وہ غریبوں کا خیال رکھے،اس لئے یہ بجٹ اعداد وشمار کے ہیر پھیر کے علاوہ کچھ نہیں۔