حب ڈیم میں پانی کی سطح نیچے ہونے کے باعث بغیر مشینوں کے پانی کی دستیابی ممکن نہیں رہی ہے، وزیر بلدیات سندھ

رمضان المبارک کے دوران عوام کو پانی کی بدستور فراہمی کے لئے واٹر بورڈ انتظامیہ تمام اقدامات کو بروئے کار لائے، گفتگو

جمعہ 3 جون 2016 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے جمعہ کو چیف سیکرٹری سندھ سے رابطہ کرکے انہیں حب ڈیم سے پانی کو مشینوں کے ذریعے نکالنے کے حوالے سے چیئرمین واپڈا سے رابطہ کرنے کو کہا ہے۔ حب ڈیم میں پانی کی سطح نیچے ہونے کے باعث بغیر مشینوں کے پانی کی دستیابی ممکن نہیں رہی ہے۔ پانی کی کمی کے باعث ڈسٹرکٹ ویسٹ میں پانی کی قلت کا سامنا ہے، جسے دور کرنے کے لئے مشینوں سے پانی کا نکالنا ضروری ہوگیا ہے۔

رمضان المبارک کے دوران عوام کو پانی کی بدستور فراہمی کے لئے واٹر بورڈ انتظامیہ تمام اقدامات کو بروئے کار لائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے جمعہ کو چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن سے رابطہ کیا اور ان سے کراچی میں بالخصوص ڈسٹرکٹ ویسٹ میں پانی کی قلت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات سندھ نے چیف سیکرٹری سندھ سے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے چیئرمین واپڈا سے رابطہ کرکے انہیں درپیش صورتحال سے آگاہ کریں اور ان کو حب ڈیم سے مشینوں کے ذریعے پانی نکالنے کے حوالے سے بات کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حب ڈیم میں بارشیں نہ ہونے کے باعث وہاں سے 100 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی معطل ہے اور اس کے باعث ڈسٹرکٹ ویسٹ میں پانی کی قلت کا سامنا ہے، جسے دور کرنے کے لئے مشینوں سے پانی کا نکالنا ضروری ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حب ڈیم سے پانی کی دستیابی کے بعد ڈسٹرکٹ ویسٹ میں پانی کی قلت کو کسی حد تک دور کیا جاسکے گا۔جام خان شورو نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ واٹربورڈ حب ڈیم سے مشینوں کے ذریعے پانی کو نکال کر اسے پمپنگ کے ذریعے ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقوں تک پہنچانے کے فوری اقدامات کریں۔

جام خان شورو نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایات دی ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو پانی کی بدستور فراہمی کے لئے واٹر بورڈ انتظامیہ تمام اقدامات کو بروئے کار لائے۔

متعلقہ عنوان :