سندھ ہائیکورٹ میں پولیس مقابلے میں ڈاکٹر دیپک راج کو ہاف فرائی کرنے کے کیس کی سماعت، عدالت میں پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کردی گئی

ڈاکٹر دیپک راج جے پی ایم سی میں زیر علاج ہیں ان کی ٹانگ اور ایک بازو ضائع ہوچکا ہے اور ان کو علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی

جمعہ 3 جون 2016 21:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) سندھ ہائیکورٹ میں پولیس مقابلے میں ڈاکٹر دیپک راج کو ہاف فرائی کرنے کے کیس کی سماعت، عدالت میں پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کردی گئی، رپورٹ پولیس کی جانب سے بتایاگیا کہ ڈاکٹر دیپک راج ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ کی عدالت میں ڈاکٹر دیپک راج کیس کی سماعت ہوئی، عدالت میں ڈاکٹر دیپک راج کے وکیل امان اللہ شیخ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر دیپک راج کو جھوٹے پولیس مقابلے میں 19 گولیاں ماریں گئی جسے پولیس کی زبان میں ہاف فرائی کہا جاتا ہے ، ڈاکٹر دیپک راج جے پی ایم سی میں زیر علاج ہیں ان کی ٹانگ اور ایک بازو ضائع ہوچکا ہے اور ان کو علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی، عدالت نے وکیل صفائی کا موقف سنتے ہوئے جے پی ایم سی کے ڈائریکٹر سے 16 جون تک رپورٹ طلب کرلی جبکہ عدالت میں پولیس کی جانب سے ڈاکٹر دیپک راج کے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، رپورٹ میں بتایاگیا کہ ڈاکٹر دیپک راج ڈکیتی کی وارداتوں اور پولیس مقابلوں میں ملوث ہیں جبکہ ڈاکٹر دیپک راج کو حیدرآباد میں پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا ، سماعت کے بعد ڈاکٹر دیپک راج کی اہلیہ سنیتا کا کہنا تھا کہ میرے شوہر کو جعلی پولیس مقابلے میں ہاف فرائی کیا گیا ہے اور میرے شوہر کا نام ڈاکٹر دیپک راج ہے شریف پنہور نہیں۔