حکومت معاشرے سے نا انصافی ، بدعنوانی اور اقرباء پروری کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے،محمدعاطف

قانون کی حکمرانی،جمہوریت کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی میں وکلاء کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

جمعہ 3 جون 2016 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) صوبائی وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت معاشرے سے نا انصافی ، بدعنوانی اور اقرباء پروری کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لیے حکومتی اقدامات اور قانون سازی کے دور رس نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔قانون کی حکمرانی،جمہوریت کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی میں وکلاء کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

وہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مردان کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مردان ابراہیم خان نے بھی خطاب کیا جبکہ بار کے صدر امیر حسین نے سپاسنامہ پیش کیا ۔محمد عاطف خان نے کہا کہ سرکاری محکموں کے معاملات میں شفافیت لانے اور ان کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانے کے لیے رائٹ ٹو انفارمیشن کا قانون بنایا گیا جبکہ خدمات تک رسائی کے لیے الگ سے قانون سازی کی گئی ہے جس کے ذریعے صوبائی محکموں سے متعلق خدمات کے حصول کے لیے باقاعدہ ایک نظام الاوقات کا تعین کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ مردان صوبے کا دوسرا بڑا شہر اور اہم سیاسی مرکز ہے جس کی ترقی کے لیے ایک جامع پلان مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت یہاں خواتین یونیورسٹی قائم کی گئی جس میں امسال ستمبر سے کلاسز کا اجراء ہوگا جبکہ مردان بورڈ کی اراضی پر 30کروڑ کی لاگت سے جدید ترین سپورٹس کمپلکس تعمیر کیا جائے گا ۔اُنہوں نے کہا کہ اگلے سال کے بجٹ میں مردان میں چار فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے اور امیر محمد خان میگا پبلک پارک میں لاہور کے سوزو پارک کے طرز پر واٹر سپورٹس سنٹر کی منظوری دی گئی ہے جبکہ مردان شہر کی خوبصورتی کے منصوبے پر کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع مردان میں سکولوں میں مسنگ فیسلٹیز کی فراہمی کے لیے 32 کروڑ روپے ریلیز کر دئیے گئے ہیں ۔انہوں نے وکلاء برادری پر زور دیا کہ وہ انصاف کی فراہمی اور نظام کو شفاف بنانے کے لیے صوبائی حکومت کا ساتھ دیں تاکہ معاشرے سے ناانصافی کا خاتمہ اور ہر سطح پر قانون کی حکمرانی قائم ہو سکے۔محمد عاطف خان نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مردان کے لیے 50 لاکھ روپے کے گرانٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت وکلاء کی فلاح وبہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لائے گی۔قبل ازیں صوبائی وزیت تعلیم نے بار کے نومنتخب کابینہ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا ۔

متعلقہ عنوان :