100ارب روپے کی خطیر رقم کاشتکاروں کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی‘آصف باجوہ

جمعہ 3 جون 2016 18:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء ) مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور ممبر پنجاب اسمبلی محمد آصف باجوہ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ زراعت کے لیے 100ارب روپے کا زرعی پیکج تیار کر کے کاشتکاروں کی محرومیوں کا ازالہ کیا ہے،زراعت کی بہتری کے لیے بتدریج عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کے نتائج کاشتکار اور زراعت کی ترقی کی صورت میں بہت جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف کے ساتھ پوری قوم کی دعائیں ہیں انشاء اﷲ قائدِ محترم بہت جلد عوامی خدمت کے مشن پر پھر سے عمل پیرا ہوتے نظر آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی بازیگروں کی حقیقت اور اصلیت عوام الناس کے سامنے ہیں سیاسی شعبدہ بازوں کا ہر حربہ ناکام ہو ا ہے جس سے سبق حاصل کرتے ہوئے ملکی ترقی میں روڑے اٹکانے کے عمل سے باز رہنا چاہیے عوام کو لفظی جنت سے زیادہ عملی کاموں پر یقین اور اعتماد ہے جس کی وجہ سے پاکستان مسلم لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے زراعت کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی ترقیاتی کاموں کی نگرانی خود وزیرِ اعلیٰ پنجاب کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت کے حوالے سے مستند ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام نے ہمیشہ پراپیگنڈہ کرنے والوں کو مسترد کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔