کراچی،ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا اظہار مختلف طریقوں سے کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ،ڈاکٹرزبیر شیخ

جمعہ 3 جون 2016 18:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا ہے ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا اظہار مختلف طریقوں سے کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں جس کے لئے انھیں مناسب ماحول کی فراہمی ضروری ہے اور اچھی درسگاہیں ان کے لئے سب سے موزوں جگہ ہوتی ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز الا ئیڈ اسکولز کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع ـپر ہم زندہ قوم ہیں کے موضوع پرکرائے جانے والے آل پاکستان تقریر نویسی مقابلہ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پبلک اسکول حیدر آباد کہ طالبہ صبیحہ شیخ کو کیش پرائیز دینے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر الا ئیڈ اسکولز سندھ و بلوچستان ریجن کے ریجنل مینیجر سعد جاوید ملک بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں مقابلہ تقریر نویسی کے کوالیفائنگ راونڈ میں پہنچنے والی بحریہ اسکول کراچی کی طالبہ فرخندہ فاروق کو بھی کیش پرائیز دیا گیا۔واضح رہے کہ الائیڈ اسکولز کی جانب سے کرائے جانے والے آل پاکستان مقابلہ تقریر نویسی کے مقابلہ میں چار سو طلبہ نے حصہ لیا تھا جن میں تین بہترین تقریر نویس طلبہ کو بالترتیب&15 30,20 ہزار روپے کے نقد انعامات دئیے گئیے۔

ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اساتذہ اور والدین کا کردار بھی بہت اہم ہوتا ہے جس کہ وجہ سے ان کو کچھ بہتر کر دکھانے کا حوصلہ اور اعتماد ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان جو بھی کام کریں دل لگا کر کریں اور نتا ئج سے بے نیاز ہوکر کریں کیونکہ ہر اچھے کام کا نتیجہ خود بخود سامنے آجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ نتائج کے حصول کے لئے غلط طریقے بھی استعمال کرتے ہیں جو درست نہیں ہے ،انسان کو اپنی سوچ اور اپنے عمل کو ہمیشہ مثبت رکھنا چاہیے وہ جو کوئی کام بھی کریں گے کامیابی ہمیشہ انکے قدم چومے گی۔اس موقع پر ڈاکٹر زبیر شیخ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے اساتذہ اور والدین کو بھی مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :