عالمی منڈی میں حلال مصنوعات کی طلب میں بڑی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ،حاجی سہیل انجم انصاری

جمعہ 3 جون 2016 16:41

چیچہ وطنی۔3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جون۔2016ء) سابق صدر ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی سہیل انجم انصاری نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں حلال مصنوعات کی طلب میں بڑی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ،اسلامی ممالک کے علاوہ غیر مسلم ممالک اور ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی اپنا حصہ وصول کرنے کیلئے حلال مصنوعات بڑے پیمانے پر تیار کررہی ہیں،پاکستان کے صنعت کاروں کیلئے یہ ایک نادر موقع ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں کے صنعت کار اپنے کاروبار میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے لیے بھاری زر مبادلہ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

اپنے دفتر میں حلال ریسرچ کونسل کے مشیر رئیس احمدکی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی کمپنی کے ڈائریکٹر حاجی شہزاد انجم انصاری کو گلف کی ریاستوں میں حلال بزنس کا سروے کرنے کیلئے بھجوارکھا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دیگر صنعت کاروں پر بھی زوردیا کہ وہ حلال مصنوعات کی تیاری میں معیار اور عالمی قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے بہتری لائیں اور عالمی منڈیوں سے اپنا حصہ وصول کریں۔

آخر میں ڈیری مصنوعات کے بڑے برآمد کنندہ حاجی سہیل انجم انصاری سے ان کے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے حلال ریسرچ کونسل کے مشیر رئیس احمد نے حلال بزنس بارے اپنا مجلہ ،حلال انہیں پیش کیا،جس پرحاجی سہیل انصاری نے ان کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔