پیرس میں ڈبلیو ٹی او کا وزارتی اجلاس،وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے زراعت اور ای کامرس سے متعلق عالمی قوانین پر پاکستان کا موقف پیش کیا

جمعہ 3 جون 2016 16:39

اسلام آباد ۔ 3 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جون۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے پیرس میں ہونے والے ڈبلیو ٹی او کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی ، ڈبلیو ٹی او کا یہ مختصر وزارتی اجلاس معاشی اور اقتصادی تعاون کی تنظیم کے سالانہ وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے زراعت اور ای کامرس سے متعلق عالمی قوانین پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، زراعت کے شعبے میں حکومتی امداد، مارکیٹ تک رسائی اور کپاس سے متعلق عالمی اداروں میں ہونے والی گفت و شنید کا پاکستان بغور جائزہ لیتا ہے کیونکہ اس کے اثرات براہ راست پاکستان کی زرعی معیشت اور 20 کروڑ عوام پر پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں ڈبلیو ٹی او کو ای کامرس کی ترویج پر توجہ دینی چاہئے، اس سلسلے میں ترقی پذیر ممالک میں ای کامرس کے فروغ اور قوانین کے اجراء کیلئے تکنیکی مہارت بھی فراہم کرنی چاہئے۔

وفاقی وزیر نے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ترکی کے نائب وزیر برائے معیشت فتح متین سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تجارتی تعاون اور آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :