مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو مشقت سے نجات دلانے اور سکول جانے والے بچوں کیلئے ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ اور ان کے والدین کو 2 ہزار روپے دینے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایک غریب پرور فیصلہ ہے

Malik Usman ملک عثمان جمعہ 3 جون 2016 13:04

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔03 جون 2016ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو مشقت سے نجات دلانے اور سکول جانے والے بچوں کیلئے ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ اور ان کے والدین کو 2 ہزار روپے دینے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایک غریب پرور فیصلہ ہے اور یہ احسن اقدام ہمارے خاندانوں کی قسمت بدل کر رکھ دے گااورہمیں ظالمانہ نظام سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بھٹہ مالکان سختی کا موقع نہیں آنے دیں گے اور وہ ان بچوں کی تعلیم میں ممد و معاون ثابت ہوں گے کیونکہ یہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ہم انہیں پیشگی معاوضوں کے ذریعے کسی کے ہاتھ گروی رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔۔ بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو تعلیم دلانا ایک قومی مقصد ہے اور پنجاب حکومت نے اس مقصد کیلئے کروڑوں روپے مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

بچوں کی تعلیم کیلئے جتنے بھی مزید وسائل درکار ہوں گے، ہم مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکول جانے والے ہر بچے کو ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کے فیصلہ پر مزدور بہت خوش ہیں۔ ان بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کئے جائیں گے۔ سکول جانے والے بچے کو مفت یونیفارم، کتابیں اورسٹیشنری دیئے جائیں گے جبکہ دور دراز کے علاقوں کے بچوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی