صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ پاکستان قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے

Malik Usman ملک عثمان جمعہ 3 جون 2016 12:11

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔03 جون 2016ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ پاکستان قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے اور عظیم وطن کیلئے آگ اور خون کے دریا عبور کئے گئے۔ تحریک پاکستان ایک ایسی جدوجہد ہے جس کی تاریخ عالم میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ نئی نسل کو تحریک پاکستان کے دوران دی جانے والی اسلاف کی عظیم قربانیوں سے روشناس کرانا ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں تحریک پاکستان اور قومی ہیروز کی لازوال قربانیوں کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے گریٹر اقبال پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ منصوبہ ایشیا میں تاریخی اعتبار سے ایک منفرد اور اپنی نوعیت کا پہلا پراجیکٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے میں تحریک پاکستان کے حوالے سے ہسٹری میوزیم بنایا جائے گا اور تحریک پاکستان کے قومی ہیروز کیلئے نیشنل ہیروز گیلری بھی بنے گی جس میں تحریک پاکستان کے ہیروز کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی اور تحریک پاکستان کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پروگرامز بھی منعقد ہوں گے جبکہ سٹوری ٹیلر بنچ بھی گریٹر اقبال پراجیکٹ کا حصہ ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو حصول پاکستان کیلئے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنے کیلئے یہ منصوبہ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے لہٰذا سٹیئرنگ کمیٹی منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پراجیکٹ اعلیٰ معیار کا شاہکار اور سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہوگا جو نہ صرف پاکستان کی ثقافت اور تاریخی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ نئی نسل کو تحریک پاکستان کی اہمیت اور قومی ہیروز کی کاوشوں اور قربانیوں سے آگاہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کوبہترین تفریحی سہولتیں بھی میسر آئیں گی۔