کارپوریٹ سیکٹر پڑھے لکھے معذور افراد کو روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہا ہے‘ میاں اکرم فرید

جمعہ 3 جون 2016 12:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء)پڑھے لکھے معذور افراد کو معاشرے کا مفیداور قابل فخر شہری بنانے کے لئے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا نہایت ضروری ہے ۔ سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ سیکٹر بھی اس کارخیر میں اپنا کردار ادا کرکے سی ایس آر کے تحت اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کر سکتا ہے۔ اس امر کا اظہارسکل ڈیویلپمنٹ کونسل و اسلام آباد انڈسٹریل فورم کے چیئرمین میاں محمد اکرم فرید نے مختلف اداروں کے سی ای اوز کے ہمراہ ادارہ روزگارترقی برائے افراد باہم معذوری (LCDDP) کے زیر اہتمام سائٹ سیور اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے منعقدہ جاب فیئر2016 کے موقع پر اسٹالوں کے معائینے کے دوران کیا۔

عباس ہاشمی،پروگرام منیجرایل سی ڈی ڈی پی جلال الدین ، نائلہ شوکت ،شیر کریم ، عبدالروف ، کامران لاشاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میاں اکرم فرید نے کہاکہ سکل ڈیویلپمنٹ کونسل میں معذور افراد کو ایسے علوم و فنون سکھائے جا رہے ہیں جن کے ذریعے وہ مختلف شعبوں میں باآسانی ملازمتیں حاصل کرکے خود کفیل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہLCDDP بھی اس مقصد کے لئے عظیم قومی خدمت سر انجام دے رہا ہے اوراس ادارے کے تحت اب تک کثیر تعداد میں معذور افراد کو تربیت فراہم کئے جانے کے بعد برسر روزگار بنایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری توجہ اور ہمدردی سے معذور افراد کا مستقبل سنور سکتا ہے اور اس نیکی کے کام میں ہمیں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ سائٹ سیور کی کنٹری منیجر منزہ گیلانی نے کہاکہ نابینا افراد بھی اپنی جسمانی کمزور ی کے باوجود عزم و ہمت کی عظیم مثال بن کر کئی اداروں میں قابل فخر خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور حوصلہ افزائی سے مزید نابینا افراد اپنے پاوں پرکھڑے ہو سکتے ہیں۔

اس موقع پر کئی معذور افراد کے والدین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں ایسے مزید اداروں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا جو جسمانی معذور افراد کی تکالیف کا احساس کرتے ہوئے انہیں تربیت فراہم کرکے حصول روزگار کے قابل بنا سکتے ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایل سی ڈی ڈی پی عمران نذیر نے کہاکہ جاب فیئرز جیسی سرگرمیوں کا مقصد ایک چھت تلے بے روزگار معذور افراد کو ملازمتوں کے حصول کے مواقع فراہم کرنا ہیں اوریہ سلسلہ انتہائی کامیاب رہا ہے اور اب تک بڑی تعداد میں بے روزگار نوجوان ملازمتیں حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ بھی اس نوعیت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔