گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے صوبائی وزیرمائنز اینڈ منرل منظور حسین وسان کی ملاقا ت

جمعرات 2 جون 2016 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے صوبائی وزیرمائنز اینڈ منرل منظور حسین وسان نے گورنر ہاؤس میں ملاقا ت کی ۔ ملاقا ت میں صوبائی وزیر نے گورنر سندھ کو محکمہ مائنز اینڈ منرل کی کارکردگی ، معدنی ترقی اور نئی پالیسی کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے صوبہ سندھ کو بیش بہا قدرتی نعمتوں سے نوازا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے ، اس ضمن میں 18 ویں ترمیم کے بعد صوبہ کو بھی منرل پالیسی ترتیب دینے میں منرل ترقی اور سرمایہ کاری دوست پالیسی مرتب کرنا ہو گی ۔

انہوں نے صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرل منظور حسین وسان کو ہدایت کی کہ دنیا بھر میں اپنی دلکشی اور حسن کے باعث تعمیرات میں منفرد اہمیت کے حامل گرینائٹ پتھر کے صوبہ میں وسیع ذخائر موجود ہیں جس سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے اس نایاب پتھر کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے لئے بھی پالیسی وضح کی جائے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ18 ویں ترمیم کے بعد دیگر صوبوں کی طرح صوبہ سندھ میں بھی جامع منرل پالیسی تیار کی جائے گی۔