وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کی پیرس میں ڈبلیو ٹی او وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی

زراعت اور ای کامرس سے متعلق عالمی قوانین پر پاکستان کا موقف پیش کیا

جمعرات 2 جون 2016 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جون۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان نے پیرس میں ہونے والے ڈبلیو ٹی او کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی ، ڈبلیو ٹی او کا یہ مختصر وزارتی اجلاس معاشی اور اقتصادی تعاون کی تنظیم کے سالانہ وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے زراعت اور ای کامرس سے متعلق عالمی قوانین پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔

انھوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، زراعت کے شعبے میں حکومتی امداد ، مارکیٹ تک رسائی اور کپاس سے متعلق عالمی اداروں میں ہونے والی گفت وشنیدکا پاکستان بغور جائزہ لیتا ہے کیونکہ اس کے اثرات براہ راست پاکستان کی زرعی معیشت اور بیس کروڑ عوام پر پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں ڈبلیو ٹی او کو ای کامرس کی ترویج پر توجہ دینی چاہئے ،اس سلسلے میں ترقی پذیر ممالک میں ای کامرس کے فروغ اور قوانین کے اجراء کیلئے تیکنیکی مہارت بھی فراہم کرنی چاہئے۔

وفاقی وزیر نے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ترکی کے نائب وزیر برائے معیشت فتح میتن سے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ تجارتی تعاون اور آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا

متعلقہ عنوان :