قراقرم یونیورسٹی کے سکالر اقوام متحدہ کے تحت بین الا قوامی ریسرچ ایوارڈ کیلئے نامزد

ڈاکٹر محمد اسماعیل ترقی پذیر ممالک سے تعلق رکھنے والے پہلا سکالر ہے ، جنھیں یہ ایوارڈ ملا

جمعرات 2 جون 2016 22:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جون۔2016ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل گرین کیمسٹری میں عالمی ریسرچ ایوارڈ کیلئے نامزد ہوگیا۔ گرین کیمسٹری کے شعبے کی ترقی کیلئے قائم اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم برائے تعلیم،سائنس و ثقافت، عالمی یونین برائے اپلائیڈ کیمسٹری اور فاس ایگرو(رشیا) کے مشترکہ پروگرام کے تحت ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں سکالرز گرین کیمسٹری کے شعبے میں اس ریسرچ گرانٹ کیلئے درخواستیں جمع کراتے ہیں۔

نہایت چھان بین کے بعد صرف 6سکالرز کو اس کی ریسرچ پروپوزل کی بنیاد پر اس عالمی ایوارڈ کیلئے نامزد کیا جاتا ہے۔ 2013ء سے شروع ہونے والے اس پروگرام کے تحت اب تک صرف 12سکالرز کو یہ ایوارڈ مل چکا ہے۔ ان سب کا تعلق ترقی یافتہ اور یورپی ممالک سے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اس بار پہلی دفعہ 6میں سے ایک ایوارڈ ترقی پذیر ممالک کو ملا ہے۔ اس عالمی ایوارڈ کیلئے KIUکے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اسماعیل کی نامزدگی نہ صرف پاکستان بلکہ ترقی پذیر ممالک کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔

اس پروگرام کے تحت جمع ہونے والی درخواستوں کی چھان بین کیلئے تینوں اداروں پر مشتمل مایہ ناز سائنسدان اور افریقہ ، یورپ ، شمالی امریکہ اور جنوبی مشرقی ایشیاء سے تعلق رکھنے والے ریسرچ اینڈ ڈولپمنٹ مراکز کے بلند پایہ کے سکالرز کا سالانہ اجلاس یونیسکو کے ہیڈکوارٹرمیں منعقد ہوتا ہے۔ایوارڈ کیلئے نامزدگی کیلئے سکالرز کی گرین کیمسٹری کے شعبے میں سائنسی اہلیت و قابلیت، تحقیقی مقالوں کے معیار، ریسرچ میں نئی ایجادات کے رجحان اور اس کی استعداد کار کو مد نظر رکھاجاتا ہے۔

اس پروگرام کابنیادی مقصد اقوام متحدہ کے تحت 2030ء تک پائیدا رترقی کے ہدف کا حصول ہے۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدآصف خان نے عالمی ریسرچ ایوارڈ کیلئے ڈاکٹر محمداسماعیل کی نامزدگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کیلئے بڑا اعزاز قرار دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے KIUکی فیکلٹی پر فخرہے جنھوں نے عالمی سطح پر KIUاور پاکستان کا نام ریسرچ کے شعبے میں روشن کیا ، امید ہے باقی فیکلٹی بھی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس شعبے میں اپنا ، اپنے ادارے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

متعلقہ عنوان :