نفٹ نے ایس ای سی پی کے ریٹرن فائلنگ کے لئے ڈیجیٹل دستخطوں کی آن لائن فراہمی شروع کر دی

جمعرات 2 جون 2016 22:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جون۔2016ء) نیشنل انسٹی ٹیوشنل فسیلٹی فار الیکٹرانک ( نفٹ) نے سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے گوشواروں کی آن لائن ادائیگی کے لئے ضروری ڈیجیٹل دستخطوں کی آن لائن فراہمی شروع کر دی ہے۔ ڈیجیٹل دستخطوں کی آن لائن خریداری کی سہولت کے بعد کمپنی رجسٹریشن کے تمام مراحل مکمل طور پر الیکٹرنک ہوگئے ہیں۔

ایس ای سی پی کاالیکٹرانک فائلنگ کا نظام الیکٹرانک ٹرانزیکشن آرڈیننس 2002کی شرائط کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ اسی قانون کی شرائط کے مطابق ، ایس ای سی پی نے کمپنیوں کے پروموٹرز اور دیگر صارفین کو ڈیجیٹل دستخط جاری کرنے کے لئے نفٹ کے ساتھ معاہدہ کیا ہوا ہے۔ ایس ای سی پی میں کمپنی رجسٹریشن یا کسی بھی قسم کی دستاویزات آن لائن جمع کروانے کے لئے پروموٹرز یا دیگر صارفین کو نفٹ سے ڈیجیٹل دستخط کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا لازمی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹل دستخط دستاویزات کی تصدیق ، تحفظ اور سسٹم کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہیں۔ نفٹ کی جانب سے ڈیجیٹل دستخطوں کی آن لائن فراہمی سے پہلے ، پروموٹرز اور دیگر صارفین کو نفٹ سے ڈیجیٹل دستخطوں کے حصول کے لئے مینول طریقے سے درخواست جمع کروانا پڑتی تھی۔ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور پروموٹرز کو سہلوت فراہم کرنے کے پیش نظر ، ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل دستخطوں کی آن لائن فراہمی کے لئے نفٹ کے ساتھ تعاون کیا اور اسے یقینی بنایا۔

ڈیجیٹل دستخطوں کے حصول کے لئے درخواستوں اور دستخطوں کی آن لائن فراہمی سے کمپنی رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان اور سہل بنائے گی۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے ای سروسز پروجیکٹ 2008میں شروع کیا تھا جس کے ذریعے پروموٹرز ، ایس ای سی پی کے ای سروسز پورٹل کو استعمال کرتے ہوئے کمپنی کی رجسٹریشن آن لائن طریقے کر کروا سکتے ہیں اور کمپنی رجسٹریشن کے لئے انہیں ککمپنی رجسٹریشن آفس آنے کی ضرورت نہیں۔

ایس ای سی پی کے اسی آن لائن کے ذریعے کمپنیوں کے سالانہ ریٹرن بھی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ ای سروسز سہولت نہ صرف گوشواروں کی ادائیگی کو آسان بناتی ہے جبکہ آن لائن طریقے سے کمپنی رجسٹریشن اور گوشواروں کو جمع کروانے کی فیس بھی بہت کم ہے۔ ملک میں کارپوٹائزیشن کے رجحان کے فروغ کے لئے ، حال ہی میں ایس ای سی پی نے کمپنی رجسٹریشن اور گوشواروں کی ادائیگی کی فیسوں میں ساٹھ فیصد تک کمی کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :