مئی 2016 ء میں واپڈا پن بجلی گھروں نے قومی نظام کو 3 ارب 45 کروڑ 90 لاکھ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کی

نیشنل گرڈ کومہیاکی جانے والی پن بجلی کی یہ پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے‘ ترجمان واپڈا کی گفتگو

جمعرات 2 جون 2016 22:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جون۔2016ء ) واپڈا پن بجلی گھروں نے یکم مئی 2016 ء میں قومی نظام کو 3 ارب 45 کروڑ 90 لاکھ یونٹ سستی بجلی مہیا کی جو مئی2015 ء کے مقابلے میں 16 کروڑ 90 لاکھ یونٹ زیادہ ہے۔پن بجلی کی یہ اضافی پیداوار آبی ذخائر میں پانی کی بہتر صورتِ حال اورواپڈا انجینئرز اور تیکنیکی سٹاف کے پن بجلی گھروں کے مؤثر آپریشن اور دیکھ بھال کی بدولت ممکن ہوئی۔

توقع ہے کہ پانی کی موجودہ بلند سطح اور صوبوں کی آبپاشی سے متعلق ضروریات کے پیش نظر ارسا کے انڈنٹ کے مطابق ڈیموں سے پانی کے زیادہ اخراج کی بدولت پن بجلی کی پیداوار آنے والے دنوں میں مزید بڑھ جائے گی۔ ترجمان واپڈا کے مطابق واپڈا ہر سال قومی نظام کو اوسطاً 31 ارب یونٹ سے زائد کم لاگت پن بجلی فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی کی پیداوار کیلئے پانی سستا ترین، آلودگی سے پاک اور ماحول دوست ذریعہ ہے۔

پن بجلی پاکستان میں بجلی کے مجموعی نرخوں کو کم سطح پر رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے)کے مارچ 2016ء کے اعداد و شمار کے مطابق پن بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت محض 1 روپے 94 پیسے فی یونٹ ہے جو باقی تمام ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کے مقابلے میں کئی گنا کم ہے۔پن بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت کے مقابلے میں گیس سے بجلی کی پیداواری لاگت 8 روپے 71پیسے فی یونٹ ، فرنس آئل سے11 روپے 41پیسے فی یونٹ ، ڈیزل سے18 روپے 60پیسے فی یونٹ ،آئی پی پیز سے 8 روپے 98پیسے فی یونٹ ، کوئلہ سے12 روپے 13پیسے فی یونٹ، نیوکلیئر سے7 روپے 27پیسے فی یونٹ ، ہواسے 16 روپے 37پیسے فی یونٹ ،بائیو گیس سے11روپے 90پیسے فی یونٹ، شمسی توانائی سے 22 روپے 3 پیسے اور ایران سے درآمد کی جانے والی بجلی کی لاگت 10 روپے 53 پیسے فی یونٹ ہے۔

واپڈا پن بجلی گھروں کی مجموعی پیداواری صلاحیت تقریباً 6 ہزار 9 سو میگاواٹ ہے جو ملک میں تمام ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کا تقریباً ایک تہائی ہے۔ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ واپڈا کے بعض پن بجلی گھر 50 سال سے زائد پرانے ہونے کے باوجود بہتر دیکھ بھال اور مؤثر آپریشن کی وجہ سے ابھی بھی اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :