چین پاکستان اقتصادی راہدای کے مغربی روٹ پر صنعتی زون سب سے پہلے ڈیرہ اسما عیل خان میں ہی قائم ہوگا، مولانا فضل الرحمن

خدا کی ذات کے شکر گزار ہیں اس کی توفیق سے ہماری کوششیں بار آور ثابت ہوئیں ،وزیر اعظم کی جانب سے ڈیرہ اسما عیل خان کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا گیا ، سربراہ جے یو آئی (ف)

جمعرات 2 جون 2016 20:35

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہدای کے مغربی روٹ پر صنعتی زون سب سے پہلے ڈیرہ اسما عیل خان میں ہی قائم ہوگا، خدا کی زات کے ہم شکر گذار ہیں کہ اس کی توفیق سے ہماری کوششیں بار آور ثابت ہوئیں اور وزیر اعظم کی جانب سے ڈیرہ اسما عیل خان کے لیئے تاریخی پیکج کا اعلان کیا گیا میری دعا ہے کہ اس کے ثمرات اس علاقہ کے ہر شہری تک پہنچیں ان خیالات کااظہار انہوں نے گومل یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامی افسران کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا، اس موقع پر گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر علی خان، گومل یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر محمد شعیب گنگوہی، اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے صوبائی رہنماء ریاض خان بھٹنی نے وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان میں زرعی فیکلٹی کو مفتی محمود زرعی یونیورسٹی بنانے، گومل یونیورسٹی کے لیئے وزیر اعظم سے گرانٹ کی منظوری، یونیورسٹی آفیسرز کی ون سٹیپ پروموشن کے لیئے فنڈز کی فراہمی پر یو نیورسٹی اساتذہ اور انتظامی اہلکار آپ کے مشکور ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ اس ضمن میں دیگر مسائل کے حل میں بھی آپ مستقبل میں تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گومل یونیورسٹی اس خطہ کا ایک قدیم اور قابل قدر ادارہ ہے، میری توجہ صرف اس ادارہ کی بقاء پر نہیں بلکہ اس کو مذید مضبوط، پائیدار اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں گورنر خیبرپختونخواہ سے ملاقات میں بھی میں نے ان سے یہی کہا کہ گومل یونیورسٹی کے مسائل اور مشکلات کا اندازہ اسلام آباد اور پشاور میں بیٹھ کر لگانا مشکل ہے بلکہ اس یونیورسٹی کی مشکلات کے لیئے ہمیں زمینی حقائق کو تسلیم کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے گومل یونیورسٹی کے مالی خسارہ کے خاتمہ اور افسران کی ترقی کے لیئے گرانٹ دلوائی جا رہی ہے اس مقصد کے لیئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی چوہدری احسن اقبال سے میری بات ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ اب یونیورسٹی اساتذہ اور انتظامیہ کی بھی یہ زمہ داری ہے کہ وہ متحد ہوکر اس مادر علمی کی بہتری کے لیئے اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اساتذہ اور افسران متحد ہوں، اس ادارہ اور اس علاقہ کے لیئے منصوبے بنائیں میری تمام تر توانائیاں اور تعاون اس ادارہ اور اس علاقہ کے مفاد کے لیئے آپ لوگوں کے ساتھ ہوں گی کیونکہ میں یہ چاہتا ہوں کہ اس دھرتی کے مخلص اور در د دل رکھنے والے محنتی افراد کے تعاون سے ہم آنے والی نسلوں کو شاندار مستقبل فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری میں ڈیرہ اسما عیل خان میں تقریبا پچاس کلومیٹر کا علاقہ صنعتی زون کے لیئے مختص ہوگا، صوبائی حکومت نے صوبہ میں تین مقامات پر صنعتی زون بنانے کی تجویز دی ہے ، سب سے پہلے کہاں صنعتی زون قائم ہونا ہے یہ مرکز کی صوابدید ہے اور ڈیرہ اسما عیل خان میں سب سے پہلے صنعتی زون کا قیام مرکز کا فیصلہ ہے ، انہوں نے کہا کہ اس اقتصادی زون کے قیام سے ڈیرہ اسما عیل خان میں پچاس کلومیٹر کے رقبہ پر ایک نیا شہر قائم ہوگا جہاں ہر قسم کی سہولیات بھی میسر ہوں گی اور میں خدا وند کریم کی زات سے دعا گو ہوں کہ جلد ہی ان منصوبوں کے ثمرات سے یہاں کے باسی مستفید ہوں، انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کے مسائل کے لیئے گورنر سے میں جلد ہی خصوصی ملاقات کو اہتمام کراتا ہوں جس میں یونیورسٹی کے نمائندوں اور خیبرپختونخواہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ مشترکہ طور پر مسائل کی نشاندہی کی جائے اور ان کا پائیدار اور جامع حل نکالا جائے انہوں نے کہا کہ ڈیر ہ اسماعیل خان میں گیس فراہمی کی رقم متعلقہ محکمہ کو مل چکی ہے جس پر جلد کام شروع ہوجائیگا لفٹ کینال کے لئے وزیر اعظم دفتر سے ڈائریکٹوزجاری ہو گئے ہیں مارجنل بند ، ٹانک زام کیلئے بھی احکامات جاری ہوگئے ہیں جبکہ بھارہ بند واپڈا سے متعلق منصو بو ں اور وزیر اعظم کے ستر ہ مئی کے دورہ ڈیر ہ اسماعیل خان میں سپاسنامہ میں جو مطالبات کئے گئے تھے ان کی تکمیل کیلئے احکامات جاری کئے جا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :