وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہر ضلع میں ایک انڈسٹریل اسٹیٹس کے وژن کو حقیقت میں بدلوں گا: چیئرمین پیڈمک

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 2 جون 2016 18:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 جون۔2016ء) پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کے نئے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہر ضلع میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے وژن کو حقیقت میں بدلیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے 36اضلاع میں36انڈسٹریل اسٹیٹس کا قیام ان کی اولین ترجیح ہوگی ۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے جنوبی پنجاب میں انڈسٹریل اسٹیٹس کا جال پچھانے کا عزم بھی کیا ہے۔

وہ گزشتہ روز پیڈمک بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایم این ایز، ایم پی ایز، سابق عہدیداران پیڈمک اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں پیر فاروق بہاء الحق شاہ، بیگم تہمینہ دولتانہ، محترمہ کرن ڈار، ماجد ظہور، چوہدری اختر علی،ایکس آفیشو ممبرز ،چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور بورڈ کے دیگر ارکان شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کا آغاز چیف ایگزیکٹو آفیسر پیڈمک نوید مشتاق گل کی وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی بحالی صحت کی دعا سے ہوا۔اس کے بعد انہوں نے چیئرمین کو پیڈمک کے پراجیکٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر چیئرمین اور اراکین بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین ایس ایم تنویر اور مینجمنٹ پیڈمک کو ان کی بے مثال کارکردگی پر زخراج تحسین پیش کیا۔

چیئرمین نے کہا کہ ایس ایم تنویر نے کامیابیوں کا ایک اعلیٰ معیار قائم کیا ہے جو قابل تقلید ہے۔انہوں نے اراکین بورڈ آف ڈائریکٹرز سے تعاون کی اپیل بھی کی اور کہا کہ وہ بہت جلد ان سے نئے آئیڈیاز شیئر کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مشترکہ جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور پیڈمک کے بڑے منصوبوں بشمول قائد اعظم اپیرل پارک، سولر پارک، چونیاں، وہاڑی، رحیم یار خان اور بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹس کی تعمیر کوترجیح دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا جنوبی پنجاب کی ترقی کا ایک خصوصی وژن ہے جس کی تکمیل پیڈمک کا ایجنڈا ہے۔

متعلقہ عنوان :