ڈیرہ اسماعیل خان، نرسنگ سٹاف کے مسائل حل نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 2 جون 2016 17:34

ڈیرہ اسما عیل خان(‘اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جون۔2016ء ) نرسنگ سٹاف کے مسائل حل نہ کرنے اور انہیں سہولیات کی عدم فراہمی پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کورٹر ٹیچنگ ہسپتال کے نرسنگ سٹاف نے ہسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ کیا، مظاہرین کی قیادت نرسنگ ایسوسی ایشن کی صوبائی صدر نور جہان اور دیگر کررہے تھے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نرسنگ انتہائی معزز اور قابل قدر پیشہ ہے، مریضوں کی تیمار داری اور ان کی نگہداشت میں اگر نرسنگ سٹاف کا کردار ہٹا دیا جائے تو محکمہ صحت، ہسپتالوں، ڈاکٹروں اور مریضوں کے لواحقین کے مسائل میں بے انتہاء اضافہ ہو جائے گا مگر افسوس یہ ہے کہ سب کی خدمت کرنے والوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا ، انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل انتہائی اہمیت کے حامل اور بنیادی نوعیت کے ہیں جن کو حل کرنے کے لیئے صرف اور صرف حکومت کی نیک نیتی کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت کا انصاف پروگرام شروع کرتی ہے مگر اس شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کے حامل نرسنگ سٹاف کو انصاف نہیں دیا جا رہا جو قابل افسوس ہے، اور تحریک انصاف کے نام سے بھی متصادم ہے، انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس میں اضافہ کیا جائے، نرسنگ سٹاف کے سروسز رولز کو دوہزار تیرہ کے رولز کے مطابق عملی جامہ پہنایا جائے بنیادی تنخواہ پر سٹودنٹس سکالر شپ کی فوری فراہمی کا حکمنامہ جاری کیا جائے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ نرسنگ سٹاف کو ٹائم سکیل دیا جائے اور قومی کمپنشنسری الاؤنس کی فوری فراہمی کے آرڈرز جاری کئے جائیں انہوں نے کہا کہ نرسنگ سٹاف کو ان کی سینیارٹی کے مطابق ترقیاں بھی دی جائیں ، مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر صوبائی حکومت نے ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے تو وہ احتجاج کی شدت میں اضافہ پر مجبور ہوجائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :