پشاور میں بھی نرسنگ سٹاف اپنے حقوق کے حصول کے لئے سڑکوں پر نکل آیا

نرسز کا خیبرپختوخواہ صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا د

جمعرات 2 جون 2016 17:32

پشاور (‘اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جون۔2016ء) لاہور کی طرح پشاور میں بھی نرسنگ سٹاف اپنے حقوق کے حصول کے لئے سڑکوں پر نکل آیا۔ پشاور کے سرکاری ہسپتالوں میں مطالبات کے حق میں نرسز نے احتجاج کرتے ہوئے خیبرپختوخواہ صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا۔ دھرنے کے باعث خیبر روڈ کی ایک شاہراہ بلاک ہو گئی۔ ٹریفک معطل ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز پشاور کے سرکاری ہسپتالوں کے نرسز اپنے حقوق کے حصول کے لئے سڑکوں پر نکل آئے اور خیبر پختونخواہ اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا۔

(جاری ہے)

احتجاج کرتے ہوئے نرسز نے ہیلتھ الاؤنس، اپگریڈیشن اور وظائف دینے کا مطالبہ کیا۔ سرکاری ہسپتالوں میں فوری مطالبات کے حق میں دھرنا دیتے ہوئے نرسز نے کہا کہ ایک سال قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک نے مطالبات منظور کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ یقین دہانی کے باوجود ان کے احکام پر اب تک کوئی عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔ جس پر نرسز نے ڈیوٹی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے خیبرپختونخواہ اسمبلی کا رخ کیا۔ دھرنے کے باعث خیبر روڈ کی ایک شاہراہ بھی معطل ہو گئی جسے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔