یورپ میں شدید بارشیں ‘کئی ملکوں میں سیلاب کی وارننگ جاری

جرمنی کے ہزاروں گھربجلی سے محروم‘اب تک 5افرادہلاک ہوچکے ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 2 جون 2016 16:53

یورپ میں شدید بارشیں ‘کئی ملکوں میں سیلاب کی وارننگ جاری

پیرس(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02جون۔2016ء) یورپ میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کے نتیجے میں سیلاب کی صورتِ حال خراب ہونے کے اندیشے ظاہر کیے جا رہے ہیں جس میں پانچ افراد پہلے ہی ہلاک ہو چکے ہیں۔جنوبی جرمنی میں چار افراد کے ڈوبنے کی خبر ہے جبکہ دو لاپتہ ہیں اس کے علاوہ ہزاروں گھروں میں بجلی نہیں ہے۔وسطی فرانس کے کچھ علاقے بدترین سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ ایک گھر سے ایک عمر رسیدہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔فرانس میں ہزاروں لوگوں کو سیلاب سے نکالا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے پورے وسطی یورپ میں وسطی فرانس سے یوکرین تک شدید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔وسطی فرانس میں ایک دن کی راحت کے بعد آج پھر اس کے دریا کا پانی خطرے کے نشان سے کہیں اوپر بہہ رہا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا دباو کم ہونے کے سبب یورپ کے زیادہ تر علاقوں میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں اور اگلے چند دنوں میں موسم میں تبدیلی کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔

فرانس سے بیلجئیم، جرمنی سے جنوبی پولینڈ، رومانیہ، مالدووا اور یوکرین تک اس آواخرِ ہفتہ شدید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔جنوبی جرمنی کے ایک گھر کے تہہ خانے میں تین عورتیں ڈوب کر ہلاک ہو گئیں۔سیلاب کا پانی کاروں، درختوں یہاں تک کے گھروں کے فرنیچر کو بہا کر لے گیا۔ آسٹریا کی سرحد پر تمام سڑکیں اور سکول بند ہیں۔

متعلقہ عنوان :