ادارے کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں ،یہ ہماری بقاء کا مسئلہ ہے ،چوہدری محمد یٰسین

جمعرات 2 جون 2016 16:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) سی ڈی اے چیئرمین کمپلیکس ،ڈی ایم اے ،فائر بریگیڈ ،سینی ٹیشن ،چڑیا گھر ،انوائرمنٹ ،پارلیمنٹ لاجز ،ریونیو،ڈی جی سروسز ،ایم پی او ،کنونشن سنٹر ،سملی و خانپور ڈیم اور روڈ مینٹی نینس سمیت تمام ڈائریکٹوریٹس میں ملازمین کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی اور احتجاج کی شدت میں مزید تیزی آ گئی ،ملازمین نے ادارے کی بقاء اورمحنت کشوں کی تقسیم کے خلاف سر دھڑ کی بازی لگانے کے عزم کا اظہار کیا ،مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کیا ،سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدر اورنگزیب خان ،سید امیر شاہ کاظمی ،احمد علی شیرازی نے ملازمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی بقاء ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ہم کسی صورت بھی محنت کشوں اور ادارے کی تقسیم کے حق میں نہیں ،بلدیات کے منتخب نمائندوں کو سب سے پہلے سی ڈی اے مزدور یونین نے خوش آمدید کہا اور آج بھی ہم انکو عوام کی بہتر خدمت کرنے کے لیے با اختیار دیکھنا چاہتے ہیں اسی لیے ہم نے یہ تجویز دی ہے کہ اسلام آباد کے میئر کو لارڈ میئر بنا کر پورے سی ڈی اے کا سربراہ بنا دیا جائے اور وہ بورڈ کے اختیارات بھی اپنی مرضی کے مطابق استعمال کریں لیکن ادارے کو تقسیم نہ کیا جائے ہم نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا لیکن اب کسی زبانی کلامی یقین دہانی سے کام نہیں چلے گا ،اپنے محنت کشوں کے مقاصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور 06جون بروز سوموار دن 09:00بجے تمام سی ڈی اے محنت کش آبپارہ چوک میں اپنے بھرپور اتحاد اور قوت کا مظاہرہ کرکے ملک کے جمہوری حکمرانوں کے کانوں تک اپنے تحفظات اور خدشات پہنچائیں گے ،ہم سمجھتے ہیں کہ کچھ عناصر اس شہر میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں اور بیوروکریسی سازش کے تحت سسٹم کو ناکام بنانے کے لیے سی ڈی اے کو آدھا تیتر اور آدھا بٹیر بنانا چاہتی ہے ،ہم اپنی تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی کشتیاں جلا کر نکلے ہیں اور جیلیں ،گرفتاریاں اور لاٹھیاں بھی ہماراراستہ نہیں روک سکتیں ،اسلام آباد کی سول سوسائٹی ،صحافی برادری اور دیگر اداروں کی ٹریڈ یونینز نے مزدور یونین کے موقف کی مکمل تائید کی ہے اور چھ جون کو اسلام آباد /راولپنڈی کی ٹریڈ یونین کے نمائندے بھی ہمارے احتجاجی پروگرام میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے ،میں تمام سی ڈی اے ملازمین کو ان نازک حالات میں بھرپور اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور انکا شکریہ ادا کرتا ہوں اور انکو ایک بار پھر یقین دلاتا ہوں کہ میرا اور میری ٹیم سی ڈی اے مزدور یونین کا جینا مرنا سی ڈی اے ملازمین کے ساتھ ہے اور کسی صورت بھی ملازمین کے مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی سودابازی کو قبول نہیں کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :