ایم کیو ایم سے چند لوگوں کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑا،شبیرقائم خانی

جمعرات 2 جون 2016 16:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن و سابق صوبائی وزیر سندھ شبیرقائم خانی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے چند لوگوں کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑا قائد تحریک الطاف حسین نے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والوں کو ایوانوں میں بھیجا اور عوام کو اپنے حقوق کے حصول کا شعور دیاایم کیوایم نے ہر مشکل وقت میں ملک کے عوام کا بھر پور ساتھ دیا۔

یہ بات انہو ں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی ،رکن سندھ اسمبلی یوسف شاہوانی ،سیدسلیم اختر ایڈووکیٹ،جنت گل کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم گزشتہ35سال سے عوام کے حقوق کے حصول اورانہیں بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے اس جدوجہد میں ہرقسم کی مشکلات کا سامنا کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ملک لاکھوں لوگوں کی قربانیو ں سے حاصل ہوا مگراسوقت مسائل میں گھرا ہواہے اسی طرح بلوچستان میں عوام بنیادی سہولیات سے محروم اورصوبہ مسائل کاشکار ہے بلوچستان جو معدنی وسائل سے مالا مال ہے انکو استعمال میں لاکر بلوچستان کی پسماندگی دور اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے مگر ایسا نہ ہونے کی وجہ سے یہاں مایوسی پائی جاتی ہے نوجوان بے روزگار ہیں احساس محرومی کی وجہ سے لوگ پہاڑوں پر چلے گئے ہیں الطاف حسین نے ہر مشکل میں ملک بھر کی طرح بلوچستان کے عوام کیلئے بھی آؤاز بلند کی ہمیں بلوچستان سے محبت ہے صوبے میں اطلاعات کے مطابق 35ہزار افرادلاپتہ ہیں جبکہ 8ہزار افراد کی مسخ شدہ لاشیں پھینکی جاچکی ہیں اسی قسم کی صورتحال کا ہمیں کراچی میں بھی سامنا ہے طویل عرصے سے متحدہ کے ڈیڑھ سو سے زائد کارکن لاپتہ ہیں الطاف حسین نے بارہا کہا ہے کہ اگر کسی پر کوئی الزام ہے تو اسکی نشاندہی کی جائے ہم اسے خود قانون کے حوالے کریں گے انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے یوں لوگوں کو لاپتہ کرنا درست نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کی محرومی کے خاتمے اورعوام کو انکے حقوق کی فراہمی کیلئے اقدامات کرے ایم کیو ایم نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی ہے الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیوایم نے کراچی میں لاکھوں افرادکی ریلی نکالی جس میں ہم نے پاک فوج کو سلیوٹ کیا پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب میں قربانیاں ہیں ایم کیو ایم نے ہمیشہ پورے ملک میں دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے اور مشکل زدہ لوگوں کے ساتھ رہے ہیں ہم سب بھائی ہیں لسانی تعصبات اورفرقہ واریت کا خاتم چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک کی چوٹھی اور سندھ کی دوسری بڑی جماعت ہے جس سے چند لوگوں کے چلے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہو ں نے کہا کہ جب عوام کوانکے حقوق نہیں دیئے جاتے ہیں تو پھر خزانہ ٹینکیوں اور بیکری سے ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کیلئے ہمارے بزرگوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دیں ہمیں کسی سے محب وطن ہونے کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے الطاف حسین نے بارہا کہا ہے کہ ہمیں اس ملک کا استحکام عزیز ہے اور کسی بھی مشکل میں پاک فوج کے ساتھ نہیں بلکہ اس سے آگے بڑھ کر قربانیاں دیں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم پرالزامات لگانے والوں کی کوئی حیثیت نہیں انہیں اس مقام تک ایم کیوایم اور الطاف حسین لیکر آئے ہیں۔اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی یوسف شاہوانی نے کہا کہ دو چار لوگ کیا پوری رابط کمیٹی بھی چھوڑ کر چلی جائے پھر بھی ایم کیو ایم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ یہ جماعت قائد تحریک الطاف حسین کے کارکنوں کی ہے مجھے پیشکش کے ساتھ اپنی پارٹی چھوڑنے کیلئے تنگ بھی کیا جارہا ہے مگر میں غدار نہیں اورپارٹی چھوڑ کر نہیں جاؤں گا۔قبل ازیں عبدالمنان نورزئی ،عبداللہ سمالانی ،اصغر علی محمد شہی ،محمد رضا نورزئی ،سلمان مینگل اور عبداللہ اچکزئی نے ساتھیوں سمیت ایم کیوایم میں شمولیت کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :