گلستان جوہر میں بڑے بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری

جمعرات 2 جون 2016 16:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) شہر بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کے الیکٹرک کی مہم بلا امتیاز جاری ہے۔ کے الیکٹرک کی ٹیم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلاک نمبر09 پہلوان گوٹھ میں واقع تین متروکہ عمارتوں سمیت گلستان جوہر کے مختلف مقامات پر چھاپے مارکر بڑی تعداد میں ڈائریکٹ کیبل اور کنڈے ضبط کر لیے اوربجلی چوری میں ملوث افراد کے نام جرمانے کے نوٹس چسپاں کر دئیے۔

گلستان جوہر کے مختلف بلاکوں میں واقع ایسی متعدد رہائشی عمارتو ں پر چھاپے مارے گئے جہاں کے مکین بجلی چوری میں براہ راست ملوث تھے۔ غیر قانونی کیبل کے ذریعے بجلی چوری کرنے والے ایک صارف پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ پہلوان گوٹھ میں سٹیزن ویو، پیپرانی کمفرٹس اور سن بیم نامی تین متروکہ رہائشی عمارتوں پر بھی چھاپے مارے گئے۔

(جاری ہے)

ان عمارتوں میں ایک قریبی پی ایم ٹی سے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔

چھاپوں کے دوران کے الیکٹرک کی ٹیموں نے غیرقانونی کنکشن منقطع کر کے مکینوں کے نام نوٹس چسپاں کر دئیے۔ ان عمارتوں کے مکین چار کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں۔بجلی چوری کے خلاف جاری مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا،”کنڈے واحد اور سب سے بڑا مسئلہ ہیں جن کی وجہ سے ٹرپنگ کے واقعات اور فالٹس رونما ہوتے ہیں۔ کے الیکٹرک شہر بھر میں غیر قانونی کنکشنوں کو منقطع کرنے کے لیے بجلی چوروں کے خلاف مہم جار ی رکھے ہوئے ہے۔ اس مہم کے دوران سپورٹ فراہم کرنے پرہم میڈیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکرگزار ہیں۔ ہم حکومت پاکستان کے بھی شکرگزار ہیں جس نے بجلی چوری کو قابل سزا جرم قرار دیا ہے۔ اس طرح ہم بجلی چوروں کو سخت پیغام دینے کے قابل ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :