پاکستانی فوجیوں کی امن کے قیام کے لئے خدمات کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے، بان کی مون

جمعرات 2 جون 2016 16:05

پاکستانی فوجیوں کی امن کے قیام کے لئے خدمات کی جتنی بھی تعریف کی جائے ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جون۔2016ء ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے امن مشنز میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فوجیوں کی امن کے قیام کے لئے خدمات کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے، اقوام متحدہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے ڈیڑھ لاکھ فوجی 23 ممالک میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جب کہ 7 ہزار سول سیکیورٹی اہلکار بھی اقوام متحدہ کی امن فورس کا حصہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو دنیا کے مختلف ملکوں میں قیام امن کے لیے پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اقوام متحدہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منعقدہ تقریب میں سیکرٹری جنرل بان کی مون نے خصوصی شرکت کی جب کہ پاکستانی وفد کی قیادت اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور پاک فوج کے لیفٹیننٹ جنرل مقصود احمد نے کی۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی امن کے قیام کے لیے پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بان کی مون کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے ڈیڑھ لاکھ فوجی 23 ممالک میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جب کہ 7 ہزار سول سیکیورٹی اہلکار بھی اقوام متحدہ کی امن فورس کا حصہ ہیں۔ پاکستانی فوجیوں کی امن کے لئے خدمات کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم نواز شریف کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ ان کا دل کا آپریشن کامیاب ہوا، وہ دعا گو ہیں کہ نوازشریف جلد صحت یاب ہوں۔اقوام متحدہ میں تعینات پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ امن کیلئے پاکستان اور عالمی ادارے کے مقاصد یکساں ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے سب کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہئے۔ ہمیں امن مشنز میں پاک فوج کے کردار پر فخر ہے۔ امن مشن کے اہداف کے حصول کیلئے پاکستان آئندہ بھی کردار ادا کرتا رہے گا۔