ترجمان حکومت بلوچستان کی کوئٹہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں پولیس اہلکار کے بہیمانہ قتل کی مذمت

بدھ 1 جون 2016 23:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جون۔2016ء ) ترجمان حکومت بلوچستان انوارالحق کاکڑ نے کوئٹہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں پولیس اہلکار کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ان کی قربانیوں کومشعل راہ بنا کر بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنائیں اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی قربانیاں بلوچستان کی تاریخ میں سنہری حروف میں درج ہیں ان شہداء نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے ملک میں امن کے دشمنوں کو یہ پیغام دے دیا کہ وہ اپنی جان تو دے سکتے ہیں مگر عوام کے جان و مال کے تحفظ کی جہد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت بلوچستان شہید کے لواحقین کے ساتھ ہیں ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور ہم لواحقین کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔