پولیس اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوا

شہداء کو کبھی نہیں بھلا سکتے،وزیرداخلہ سرفرازبگٹی

بدھ 1 جون 2016 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جون۔2016ء ) صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوا اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھلا سکتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ افسوسناک واقعہ ہے امن دشمن عناصر سیکورٹی اہلکاروں کونشانہ بنا کر یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو جائیں گے مگر ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہمارے جوانوں نے وردی پہن کر اپنی سرزمین اور قوم کے تحفظ کا جو عہد کیا اس عہد کے سامنے امن کے دشمنوں کی سازشیں کوئی اہمیت نہیں رکھتیں ہمارے جوانوں کی قربانیوں نے بلوچستان میں امن کا سورج طلوع کیا اور ان کی یہ قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی انہوں نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کیساتھ ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ امن کے دشمنوں کا پیچھا کرتے رہیں گے ۔