دہشت گردی پر قابو پانے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا طارق فضل چوہدری

وزارت کیڈ کے ماتحت تمام شعبوں میں اصلاحات اور بہتری نمایاں نظر آ رہی ہے وزیرمملکت کا خطاب

بدھ 1 جون 2016 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جون۔2016ء) وزیر مملکت کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ بدھ کو یہاں مقامی ہوٹل میں ٹورسٹ سروسز کی جانب سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹورازم انڈسٹری کی مشکلات سے حکومت آگاہ ہے اور ان کو کم کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شعبوں میں اصلاحات لانے پر کام کر رہی ہے اور وزارت کیڈ کے ماتحت تمام شعبوں میں اصلاحات اور بہتری نمایاں نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الله تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی حسن سے نوازا ہے، بلند و بالا پہاڑوں، سرسبز وادیوں، خوبصورت میدانوں سے لے کر ساحل سمندر تک تمام خوبصورت مقامات ملک میں موجود ہیں جو اندرون و بیرون ملک سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور عوام کی بے پناہ قربانیوں کے بعد ملک میں دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے، امن و امان کی صورتحال روز بروز بہتر سے بہتر ہو رہی ہے جس سے ملک میں سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد تعلیم، کھیل اور ٹورازم جیسے اہم شعبے صوبوں کو چلے گئے۔ دنیا میں یہ شعبے مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ان اہم شعبوں کو ترقی دینے کیلئے قومی سطح کی پالیسی مرتب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوریسٹ سروسز ایسوسی ایشن کے تمام مطالبات پر وہ سنجیدگی سے غور کریں گے اور ان کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی جانب سے یہ بھی مطالبہ آیا ہے کہ اسلام آباد میں ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت ٹیکسز زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کا جائزہ لیں گے اور اگر ایسا ہے تو انہیں کم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :