Live Updates

کراچی، منڈی میں گندگی کے ڈھیر اور تجاوزات کا خاتمہ نہ کیا گیا تو رمضان المبارک کے دوران شہر کو پھل اور سبزیوں کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے،تاجروں کا انتباہ

صوبائی وزیر زراعت جام خان شورو اور کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

بدھ 1 جون 2016 21:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جون۔2016ء) سپرہائی وے پر واقع پاکستان کی سب سے بڑی پھلوں اور سبزیوں کی منڈی کے تاجروں نے واضح کردیاہے کہ منڈی میں گندگی کے ڈھیر اور تجاوزات کا خاتمہ نہ کیا گیا تو رمضان المبارک کے دوران شہر کو پھل اور سبزیوں کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تاجروں نے صوبائی وزیر زراعت جام خان شورو اور کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران شہر میں پھل اور سبزیوں کی سپلائی معمول پر رکھنے کے لیے سبزی منڈی میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کا نوٹس لیا جائے اور منڈی کے داخلی و خارجی راستوں سمیت اہم راستوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کرنے کے لیے فی الفور مہم چلائی جائے۔

مارکیٹ کمیٹی کے سابق وائس چیئرمین آصف احمد کے مطابق منڈی کے تاجروں کا اہم اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں منڈی کے عمائدین نے شرکت کی اجلاس میں پھل اور سبزی دونوں سیکشن کی تاجر نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منڈی میں صفائی ستھرائی کی حالت زار اور تجاوزات پرتشویش کا اظہار کیا گیا۔ تاجروں نے کہا کہ سبزی منڈی کی دیکھ بھال اور ترقیاتی کاموں کے بجائے مارکیٹ کمیٹی کے سرکاری ایڈمنسٹریٹرز نے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے، منڈی کے فنڈز میں خرد برد اور پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹ منٹ کا دھندا عروج پر رہا ۔

منڈی میں صفائی ستھرائی کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں کی طرح سبزی منڈی بھی ایک کھنڈر کا منظر پیش کررہی ہے۔ تاجروں نے صوبائی وزیر زراعت جام خان شورو اور کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر منڈی کا ہنگامی دورہ کرکے صورتحال کا خود معائنہ کریں۔ منڈی میں جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور تجاوزات کی وجہ سے رمضان میں پھلوں کی اضافی طلب پوری کرنے کے لیے آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اجلاس میں منڈی کے تاجروں پر زور دیا گیا کہ وہ کے الیکٹرک کے ماہانہ بل بروقت ادا کریں تاکہ بجلی کی فراہمی جاری رکھنے اور واجبات کی ادائیگی کے لیے کے الیکٹرک کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی پاسداری کی جاسکے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :